پیٹرولیم بحران؛ ہفتے میں 4 دن کام، 3 دن چھٹی؟
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی گرانی اور قومی اخراجات میں کمی لانے کے لیے حکومتی سطح پر سرکاری و نجی شعبے میں ہفتے میں 4 دن کام اور تین دن چھٹی کا معاملہ زیر غور ہے۔
نجی میڈیا کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی سطح پر سامنے آنے والی اس تجویز کا اطلاق ملک بھر کے سرکاری و نجی دفاتر، اسکولوں، کالجوں اور جامعات پر ہوگا۔
اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں طے پایا ہے کہ 3 دن ادارے مکمل بند رہیں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ایندھن، بجلی اور انتظامی اخراجات کو کم کرکے مالی وسائل کی بچت کرنا ہے۔
حکام نے تمام متعلقہ محکموں کو نئے شیڈول کی تیاری اور ضابطہ کار وضع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ نئے نظام میں کچھ عملے کو دفتری حاضری جبکہ کچھ کو ورک فرام ہوم کی سہولت دی جائے گی۔
اس حوالے سے سرکاری نوٹیفکیشن کے بعد حاضری کا حتمی طریقہ کار واضح ہو جائے گا، جس کا مقصد پیٹرولیم قلت کے اثرات کو محدود کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اس سلسلے میں تاحال سرکاری سطح پر فیصلے کی توثیق نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے، تاہم نجی میڈیا کی ذرائع کے حوالے سے رپورٹس میں حکومتی اجلاس اور اہم فیصلے کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔