فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی سے 10 ارب  روپے کی بچت بھی کی گئی، وزیر توانائی اویس لغاری

پاور ڈویژن کے اقدامات سےاگست میں فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی ہوئی اور2.05 روپے فی یونٹ سے کم ہوکر1.73 روپے رہی، وزیرتوانائی

فوٹو: فائل

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگست میں فیول ایڈجسٹمنٹ سے بجلی کی قیمت میں کمی گئی اور مجموعی طور پر 10 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاور ڈویژن کے بروقت اقدامات اور فیصلوں سے اگست میں فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی ہوئی ہے اور فیول ایڈجسٹمنٹ 2.05 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر 1.73 روپے فی یونٹ رہی۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال جولائی میں فیول ایڈجسمت 2.0581 روپے فی یونٹ تھی اور فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی سے 10 ارب  روپے کی بچت بھی کی گئی، اس کمی کا سہرا عوام کے سر ہے جنہوں نے حکومت کے ساتھ تعاون کیا۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ عوام نے رات کے اوقات میں چند گھنٹے لوڈ منیجمنٹ برداشت کی، عوام کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے قیمتیں کم کرنے میں حکومت کا ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا میں ایندھن کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں،آبنائے ہرمز کی صورت حال کی وجہ سے ایندھن کی عالمی منڈیوں میں شدید دباؤ ہے اور بروقت اقدامات نہ کیے جاتے توعوام پر10 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑتا۔

اویس لغاری نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں کمی کی اہم وجہ مقامی وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہے، اگست 2026 میں کل بجلی کی پیداوار کا 72 فیصد مقامی وسائل سے حاصل کیا گیا، اگست میں صرف 28 فیصد بجلی درآمدی کوئلے اور آر ایل این جی سے پیدا کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی صورت حال کے باعث اسپاٹ کارگو کی قیمتیں 23 سے 25 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچیں، وزیرِ اعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے پیٹرولیم ڈویژن اور این سی ایم سی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے اضافی مقامی گیس کا انتظام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اضافی مقامی گیس کے باعث مہنگی آر ایل این جی کی خریداری سے گریز ممکن ہوا، اگر مقامی گیس دستیاب نہ ہوتی تو پاور سیکٹر کو ایک اضافی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنی پڑتی، فرنس آئل یا درآمدی آر ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کی صورت میں صارفین کے ٹیرف میں تقریباً 10.6 ارب روپے کا اضافہ ہوتا۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت اپنی عوام دوست پالیسیوں کے تحت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Load Next Story