امیتابھ بچن نے ریٹائرمنٹ کی خبروں کی وضاحت کردی
امیتابھ بچن کے ایک جملے نے سوشل میڈیا پر ان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیوں کو جنم دیا، تاہم 83 سالہ اداکار نے اب واضح کردیا ہے کہ ان کا کام چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
بالی ووڈ کے شہنشاہ نے ایک اخباری تراشہ شیئر کیا جس میں ان کے ریٹائرمنٹ لینے کی خبر شائع ہوئی تھی۔ امیتابھ بچن نے اخبار کے دعوے پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے بلاگ میں لکھا تھا، ’’دیر ہو گئی ہے، ریٹائر ہونے کا وقت آ گیا ہے‘‘، مگر اس جملے کا مطلب وہ نہیں تھا جو خبر میں اخذ کیا گیا۔
اداکار کے مطابق ان کے الفاظ کا تعلق اداکاری یا ٹیلی ویژن سے ریٹائرمنٹ سے نہیں بلکہ دن بھر کے کام ختم ہونے سے تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا مطلب صرف یہ تھا کہ کافی دیر ہوچکی ہے اور اب سونے کا وقت ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ ’’ریٹائر‘‘ سے مراد کام سے فارغ ہوکر سونے کے لیے جانا تھا اور اس موقع پر انہوں نے مزاحاً یہ بھی واضح کردیا کہ وہاں کسی معزز شخص کے آنے کی دعوت نہیں ہے۔
یوں اداکار نے خود ہی ریٹائرمنٹ کی خبروں کی نفی کردی اور واضح کردیا کہ وہ بدستور کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
امیتابھ بچن اس وقت مقبول ٹی وی گیم شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے 18ویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں۔ یہ پروگرام پہلی مرتبہ 2000ء میں نشر ہوا تھا اور وقت کے ساتھ بھارتی ٹیلی ویژن کے مقبول ترین شوز میں شامل ہوگیا۔