برطانیہ؛ شوہر کی نشہ آور اشیا پلاکر بیوی سے 20 سال تک زیادتی، نجی تصاویر شیئر کیں

اس مقدمے میں مزید 12 افراد بھی شریک ملزمان ہیں جن کی عمریں 28 سے 74 سال کے درمیان ہیں

برطانیہ میں شوہر کا 20 سال تک بیوی کو نشہ دے کر زیادتی کا اعتراف (اے آئی سے بنوائی گئی تصوراتی تصویر)

برطانیہ میں 60 سالہ شخص نے اپنی اہلیہ کو دو دہائیوں سے زائد عرصے تک نشہ آور اشیا دے کر اس کی مرضی کے بغیر زیادتی کرنے اور اس کی نجی تصاویر شیئر کرنے کا اعتراف کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مانچسٹر کی منشل اسٹریٹ کراؤن کورٹ میں ملزم نے 2004 سے 2025 کے درمیان اپنی اہلیہ کے خلاف کیے گئے 60 جرائم قبول کرلیے جن میں زیادتی، جنسی حملہ اور نشہ آور اشیا دینے کے الزامات بھی شامل ہیں۔

ملزم نے اس سے قبل اپنی اہلیہ کی نجی تصاویر اور ویڈیوز بھی اہلیہ کی اجازت کے بغیر جنسی تسکین کے لیے دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

اس مقدمے میں مزید 12 افراد بھی شریک ملزمان ہیں جن کی عمریں 28 سے 74 سال کے درمیان ہیں۔ تاہم ان تمام افراد نے خاتون سے متعلق عائد الزامات سے انکار کیا جبکہ ایک اور شخص اس سے قبل خاتون کے خلاف جنسی جرائم کا اعتراف کرچکا ہے۔

ملزم گریٹر مانچسٹر کے علاقے اسٹاکپورٹ کا رہائشی ہے اور عدالت میں اپنے سنگین جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے رو پڑا۔ متاثرہ خاتون بھی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ عدالت کی کارروائی دیکھنے کے لیے موجود تھیں۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ متاثرہ خاتون کو مسلسل خصوصی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل رک جیکسن نے کہا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ تفتیش ہے اور پولیس کی توجہ متاثرہ خاتون کی مدد اور معاونت پر مرکوز ہے۔

برطانوی پولیس نے متاثرہ خاتون کی شناخت اور قانونی رازداری کے تحفظ کے لیے مرکزی ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا۔

 

Load Next Story