کراچی میں خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ، ملزم ذہنی مریض قرار
کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک نو میں خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا، مکینوں نے اوباش کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل بی ایریا (دستگیر) بلاک 9 میں بچوں کے ساتھ جانے والی خاتون کو ایک شخص نے ہراساں کیا جس پر لڑکی نے شور شرابہ کردیا۔
خاتون کے شور شرابے پر مکینوں نے اوباش کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اُسے پولیس کے حوالے کردیا۔ ایک شہری نے ملزم کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی بنائی۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ذہنی مریض ہے جس کی والدہ نے واقعے کے بعد تھانے آکر بیان ریکارڈ کروایا۔ اہل خانہ نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ہم اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ہیں جبکہ مذکورہ شخص کو دماغی بیماری کی وجہ سے گھر میں باندھ کر رکھا جاتا ہے۔