ایکدوسرے کو بچانے کی کوشش میں لڑکی اپنے دوست کیساتھ ٹرین تلے کچل کر ہلاک؛ ہولناک ویڈیو
نیویارک کے سب وے اسٹیشن پر ٹرین حادثے میں دو 24 سالہ نوجوان ہلاک ہوگئے۔
امریکی شہر نیویارک میں بھارتی نژاد 24 سالہ لڑکی اور ان کے نیپالی نژاد امریکی دوست سب وے ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی صبح مین ہٹن کے اسپرنگ اسٹریٹ سب وے اسٹیشن پر پیش آیا جہاں ڈاؤن ٹاؤن جانے والی نمبر 4 ٹرین دونوں کو کچلتے ہوئے گزر گئی۔
ہلاک جوڑے کی شناخت ملائیکا چترا اور نوام کول کے نام سے ہوئی دونوں کی عمریں 24 سال تھیں اور ان کا تعلق نیو جرسی سے تھا۔ دونوں نے رٹگرز یونیورسٹی میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق واقعے کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں ملائیکا کو ہنستے ہوئے نوام کو اپنی جانب کھینچتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے چند لمحوں بعد تیز رفتار ٹرین دونوں کو روندتی ہوئی گزر جاتی ہے۔
پولیس کو حادثے کی اطلاع اتوار کی صبح 3 بج کر 14 منٹ پر ملی۔ ٹرین بروقت رکنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ حادثے کے وقت ٹرین میں تقریباً 100 مسافر موجود تھے جنہیں بعد ازاں پلیٹ فارم پر منتقل کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کی لاشیں ٹرین کی تیسری اور چوتھی بوگی کے نیچے سے برآمد کی گئیں۔
ملائیکا نے مئی 2024 میں رٹگرز یونیورسٹی سے سائنس میں بیچلر ڈگری مکمل کی تھی اور ایک فارماسیوٹیکل کمپنی میں آپریشنز اسپیشلسٹ کے طور پر کام کر رہی تھیں، جبکہ نوام کول مالیاتی ڈیٹا اینالسٹ تھے۔
رٹگرز یونیورسٹی کی عہدیدار ڈوری ڈیولن نے دونوں سابق طلبا کی المناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اس خبر پر غمزدہ ہے۔