جی ایل پی-1 ادویات استعمال کرنے والوں میں نایاب بیماری کا انکشاف
ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جی ایل پی-1 وزن کم کرنے اور ذیابیطس کی ادویات استعمال کرنے والے بہت کم لوگوں میں دماغ کی ایک نایاب اور سنگین بیماری سامنے آئی ہے۔
ایک تحقیق میں امریکی ادارے ایف ڈی اے کی مضر اثرات سے متعلق رپورٹس اور طبی معلومات کا جائزہ لیا گیا۔ اس جائزے میں 2023 سے 2024 کے دوران ویرنکے اینسیفالوپیتھی کے 15 کیسز سامنے آئے۔
ویرنکے اینسیفالوپیتھی دماغ اور اعصاب کی ایک سنگین بیماری ہے، جو جسم میں وٹامن B1 کی شدید کمی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ بیماری جان لیوا بھی ہو سکتی ہے اور مستقل یادداشت کی خرابی یا نئی یادیں بنانے میں مشکل پیدا کر سکتی ہے۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ بیماری عام نہیں ہے۔
شکاگو کے معالج کارتھک اچاری (جو اس تحقیق میں شامل نہیں تھے) نے بتایا کہ محققین نے مضر اثرات کی رپورٹس اور طبی معلومات کا جائزہ لیا اور جی ایل پی-1 ادویات استعمال کرنے والے لوگوں میں ویرنکے اینسیفالوپیتھی کے صرف 15 کیسز پائے۔ یہ ان لاکھوں لوگوں میں سے ہیں جو یہ ادویات استعمال کر رہے ہیں، اس لیے یہ بیماری بہت نایاب ہے۔