لاہور، سندر روڈ پر پولیس مقابلے میں مطلوب ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، دیگر فرار
تھانہ سندر کی حدود میں سندر روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سی سی ڈی چوہنگ نے سندر روڈ پر مطلوب ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر ناکہ بندی کی تھی۔ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے سی سی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ملزم کی شناخت ریاض کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم 30 سے زائد مقدمات میں ملوث اور مطلوب تھا، جبکہ واقعے کے بعد فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اہل علاقہ کے مطابق سندر روڈ پر رات 2 بجے کے بعد سول اور باوردی اہلکار بڑی تعداد میں موجود تھے، جبکہ مبینہ مقابلے سے قبل پولیس نے سندر روڈ اور اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردی تھیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آوازیں سن کر لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکلے تو پولیس اہلکاروں نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔ اہل علاقہ کے مطابق فائرنگ کے دوران سندر روڈ پر یک طرفہ فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔