ایشین گیمز: بھارتی ایتھلیٹس کو انتظامی مشکلات کا سامنا، ناشتے سے بھی محروم
جاپان میں 2026 ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے پہنچنے والی بھارتی ایتھلیٹکس ٹیم کو ابتدائی دنوں میں متعدد انتظامی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مردوں کی ٹیم کو پیر کے روز ہوٹل میں ناشتے کا انتظام نہ ہونے کے باعث مشکلات پیش آئیں۔
بھارتی ایتھلیٹس اور کوچز اتوار کی صبح تسوکوبا پہنچے تاہم ہوٹل پہنچنے کے بعد چیک اِن مکمل ہونے میں چار گھنٹے سے زائد وقت لگ گیا۔
اگلے روز ہوٹل انتظامیہ نے بتایا کہ ٹیم کے لیے ناشتے کی بکنگ نہیں کی گئی جس کے باعث کئی کھلاڑیوں کو بغیر کھائے رہنا پڑا جبکہ کچھ نے باہر سے کھانا حاصل کیا۔
رپورٹ کے مطابق پیر کی شام ٹریننگ کے لیے مقررہ بس بھی وقت پر نہ پہنچ سکی۔
مردوں اور خواتین کی ٹیمیں کوچز سمیت تین مختلف ہوٹلز میں قیام پذیر ہیں جو تربیتی مرکز سے چار کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر ہیں۔
کھلاڑیوں کو دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے بھی تقریباً چار کلومیٹر سفر کرنا پڑتا ہے۔ انہیں خصوصی غذائی سہولت اور باقاعدگی سے پھل بھی فراہم نہیں کیے گئے۔
ایشین گیمز کے انتظامات پہلے ہی تنقید کی زد میں ہیں جبکہ بعض بھارتی کھلاڑیوں کو ویزا مسائل اور بارش کے باعث کچھ مقامات پر پانی لیک ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔