سابق انگلش فٹبالر نے خطرناک ڈرائیونگ اور نائٹرس آکسائیڈ رکھنے کا اعتراف کرلیا

حادثے کے نتیجے میں گاڑی اور اس کے چاروں پہیوں کو نمایاں نقصان پہنچا جس کے باعث وہ مزید سفر کے قابل نہیں رہی

انگلینڈ کے سابق فٹبالر رحیم اسٹرلنگ نے مئی میں لیمبورگینی حادثے سے قبل موٹروے پر خطرناک ڈرائیونگ کرنے کا اعتراف کرلیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 31 سالہ اسٹرلنگ نے نائٹرس آکسائیڈ رکھنے اور سانس کے ذریعے غلط استعمال کرنے کے الزام کے ساتھ پولیس کو تجزیے کے لیے نمونہ فراہم نہ کرنے کا بھی اقرار کیا۔

بیسنگ اسٹوک مجسٹریٹس کورٹ میں سماعت کے دوران بتایا گیا کہ اسٹرلنگ 28 مئی کی صبح ایم 25، ایم 3، اے 327 اور منلی روڈ پر لیمبورگینی یوروس چلا رہے تھے۔

ایم 3 پر گاڑی مرکزی ڈیوائیڈر کی جانب چلی گئی، بعد ازاں اے 327 سے اتر کر سڑک کے کنارے موجود انفرااسٹرکچر سے ٹکرا گئی۔

حادثے کے نتیجے میں گاڑی اور اس کے چاروں پہیوں کو نمایاں نقصان پہنچا جس کے باعث وہ مزید سفر کے قابل نہیں رہی۔

پولیس نے گاڑی سے نائٹرس آکسائیڈ کے چھ کینسٹرز بھی برآمد کیے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ گواہوں نے اسٹرلنگ کو گاڑی چلاتے ہوئے خطرناک انداز میں لین تبدیل کرتے اور غبارے سے نائٹرس آکسائیڈ استعمال کرتے دیکھا۔

ابتدائی الکوحل اور ڈرگ ٹیسٹ منفی آئے تاہم پولیس کے مطابق بعد کے جائزے میں ان کے متاثر ہونے کے شواہد ملے تھے۔

Load Next Story