سہیل آفریدی کا دورہ لاہور : پی ٹی آئی رہنما سمیت 5 افراد کو کوٹ لکھپت میں نظربند کرنے کا حکم

نظر بندی کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری

فوٹو: فائل

لاہور:

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ لاہور کے سبب پی ٹی آئی رہنما میاں اکرم عثمان سمیت 5 افراد کی نظربندی کے احکامات جاری کردیے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جن افراد کی نظر بندی کا حکم آیا ہے ان میں میاں اکرم عثمان،  غلام عباس ، توقیر عباس ، عثمان علی اور مقصود خان شامل ہیں۔

ان تمام افراد کو مینٹی ننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کے تحت نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نظر بندی کے احکامات ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس میں دیے گئے، ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے پولیس کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر تمام افراد کی نظر بندی کی سفارش کی۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن، ایس پی سٹی اور ایس پی صدر نے متعلقہ افراد کی نظر بندی کی سفارش کی، ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز نے دفعہ 3 کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کیے۔

پولیس رپورٹس کے مطابق ان افراد پر حکومت اور اداروں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگانے کا الزام ہے، ان افراد کی سرگرمیاں امنِ عامہ اور عوامی تحفظ کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، تمام افراد کو 30 روز کے لیے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں رکھنے کے احکامات ہیں، نظر بندی کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

Load Next Story