پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو 200 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 150 رنز پر 20.4 اوورز میں آؤٹ ہوگئی

پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو چوتھے یوتھ ون ڈے میں 200 رنز سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز بنائے۔ اوپنرز عثمان خان اور جہانگیر بلال نے 24 اوورز میں 148 رنز کی شراکت قائم کی۔ دونوں نے 79، 79 رنز بنائے۔ عثمان نے 9 چوکے اور ایک چھکا جبکہ جہانگیر نے 13 چوکے لگائے۔

انگلینڈ کی جانب سے سبحان علی نے 7 اوورز میں 55 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 150 رنز پر 20.4 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔ کپتان رالفی البرٹ 24 گیندوں پر 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

انگلینڈ نے اننگز کا آغاز 6 اوورز میں 59 رنز کی شراکت سے کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے فوری وکٹیں حاصل کرکے میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔ انگلینڈ کی ٹیم 108 رنز پر 4 وکٹوں سے 150 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نقاب شفیق، محمد صیام اور جہانگیر بلال نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے ابتدائی دونوں میچز جیتے تھے جبکہ انگلینڈ نے تیسرا میچ جیت کر سیریز میں واپسی کی کوشش کی تھی، تاہم چوتھے میچ میں بڑی فتح کے ساتھ پاکستان نے سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔

 

Load Next Story