کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی تعیناتیوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم امتناع
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی تعیناتیوں کا معاملہ پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے حتمی فہرست تیار کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے وزیراعظم کو بذریعہ سیکریٹری، اسٹبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس ایاز شوکت نے رضا حسن کی درخواست پر سماعت کا دو صفحات پر مشتمل حکمنامہ جاری کیا۔ درخواست گزار کی جانب سے شاہد محمود کھوکھر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے بیرون ملک تعیناتی کے طریقہ کار اور اسے پراسس سے نکالے جانے کو چیلنج کیا۔
حکمنامے کے مطابق وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار رضا حسن نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کی آسامی کے لیے آئی بی اے کراچی کا تحریری امتحان پاس کیا، تاہم مطلوبہ اہلیتی اسکور حاصل کرنے کے باوجود انہیں انٹرویو کے مرحلے سے خارج کردیا گیا۔
وکیل کے مطابق درخواست گزار کو انٹرویو سے نکالنا غیر قانونی اور من مانا اقدام ہے، جبکہ بیرون ملک مشنز کے لیے تقرریوں سے متعلق ترمیم شدہ پالیسی گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔ متعلقہ اتھارٹی نے درخواست گزار کو نوٹس کیے بغیر اور سنے بغیر نام نکال دیا، جبکہ فیصلے کی کوئی وجہ بھی فراہم نہیں کی گئی۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کو سماعت کا موقع دیے بغیر کارروائی اصولِ فطری انصاف کے منافی ہے۔
عدالت نے وزیر اعظم کو بذریعہ سیکریٹری، اسٹبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت اوورسیز پاکستانیز سمیت فریقین سے کامیاب امیدواروں، انٹرویو کے لیے بلائے گئے امیدواروں اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی 2026 کے انتخابی عمل کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت سے قبل پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔
حکمنامے کے مطابق انٹرویو کمیٹی کا اجلاس 17 سے 20 اگست 2026 تک منعقد ہوچکا ہے۔ عدالت نے تحریری امتحان پاس کرنے والے امیدواروں اور انٹرویو کے لیے بلائے گئے امیدواروں کی فہرست بھی ریکارڈ پر لانے کا حکم دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 17 سے 20 اگست 2026 تک ہونے والے انٹرویو کمیٹی اجلاس کی سفارشات کو آئندہ سماعت تک حتمی شکل دینے، نوٹیفائی کرنے یا ان پر عملدرآمد سے روک دیا ہے۔
عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 24 ستمبر 2026 کو مقرر کردی۔