منعم ظفر کی میئر کراچی اور چیئرمینز کی مدت میں توسیع کیخلاف درخواست، بلدیاتی ترمیمی قانون بھی چیلنج

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مدت مکمل ہونے پر بروقت انتخابات ہونے چاہئیں

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے میئر کراچی اور چیئرمین کے عہدوں کی مدت میں توسیع کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عہدوں کی مدت جون 2026 میں ختم ہورہی تھی، تاہم سندھ اسمبلی نے انتخابات ہونے تک کام کرنے کی اجازت دے دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مدت مکمل ہونے پر بروقت انتخابات ہونے چاہئیں اور سندھ حکومت کو پابند کیا جائے کہ عہدے ختم ہونے پر الیکشن کمیشن کے ہمراہ انتخابات کی تیاری کرے۔ درخواست میں سندھ حکومت، میئر کراچی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

منعم ظفر کی جانب سے بلدیات کے نئے ترمیمی قانون کے خلاف بھی آئینی درخواست دائر کی گئی ہے۔ منعم ظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی عددی اکثریت کی بنیاد پر من پسند قانون سازی کر رہی ہے، لوکل باڈیز 2013 کی ترمیم انتخابات سے قبل دھاندلی ہے اور پیپلز پارٹی نے قبل از انتخابات دھاندلی کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت پہلے ہی اختیارات اپنے ہاتھ میں لے کر بیٹھی ہے اور اب ترمیم کے ذریعے مزید اختیارات اپنے پاس لے لیے ہیں۔ آرٹیکل 140 اے کے تحت اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے تھے، وہ مزید چھینے جا رہے ہیں۔

منعم ظفر نے کہا کہ کوئی پتا نہیں کہ اس ترمیم کے بعد کتنے عرصے تک ایڈمنسٹریٹر رہیں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کا پتا ہوتا ہے، لیکن اس ترمیم میں یہ واضح نہیں کہ ایڈمنسٹریٹر کب تک رہیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ جنرل الیکشن کروانے کے لیے غیر جانبدار لوگ ہوتے ہیں، لیکن لوکل باڈیز کے لیے ان کے ایڈمنسٹریٹر ہوں گے۔

Load Next Story