کراچی؛ واٹر پارک کے سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے ڈوب کر طالبہ جاں بحق

متوفیہ اسکول پکنک پر دیگر بچوں اور اسکول اسٹاف کے ہمراہ واٹر پارک آئی ہوئی تھی، ایس ایچ او گڈاپ ٹاؤن

کراچی:

گڈاپ ٹاؤن میں واقع واٹر پارک و فارم ہاؤس میں اسکول پکنک پر آئی ہوئی چوتھی جماعت کی طالبہ مبینہ طور پر سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے گڈاپ ٹاؤن ستانی روڈ پر واقع سن رائز واٹر پارک و فارم ہاؤس میں مبینہ طور پر سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے کمسن بچی ڈوب کر جاں بحق ہوگئی جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفیہ بچی کی شناخت 11 سالہ ہنیزہ دختر فیاض شاہ کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ او گڈاپ سٹی ممتاز مروت کے مطابق متوفیہ بچی متوفیہ بچی محمود آباد چنیسر گوٹھ میں واقع گرین فلیگ پبلک اسکول میں چوتھی کلاس کی طالبہ تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ متوفیہ بچی اسکول پکنک پر دیگر بچوں اور اسکول اسٹاف کے ہمراہ واٹر پارک آئی ہوئی تھی جہاں بچی ایک سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔

پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Load Next Story