این سی سی آئی اے کی جانب سے محمد رضوان کو دیا گیا سوالنامہ سامنے آگیا

رضوان سے گزشتہ پانچ سال میں اندرون ملک سفر کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو دیا گیا سوالنامہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں این سی سی آئی اے کے وکیل اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے پانچ صفحات پر مشتمل سوالنامہ پیش کیا۔

سوالنامے میں محمد رضوان سے 10 سال میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات سمیت پانچ سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع اور کرائے کی مد میں آمدن کی تفصیلات بھی مانگی گئیں۔

سوالنامے کے مطابق محمد رضوان سے پانچ سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت کی تفصیلات بھی مانگی گئیں جبکہ پانچ سال کے دوران کیے گئے بین الاقوامی دورے اور اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

رضوان سے گزشتہ پانچ سال میں اندرون ملک سفر کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ پانچ سال کے دوران کسی سے کوئی قرض لیا ہو تو اس کی تفصیل بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔

محمد رضوان سے بینک میں موجود رقم پر منافع کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے اور پانچ سال میں کیے گئے گھریلو اخراجات، تعلیمی اخراجات کی تفصیلات بھی مانگی گئیں جب کہ رضوان سے وراثتی جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔

نوٹس کے متن کے مطابق اس انکوائری کے سلسلے میں رضوان کا بیان ریکارڈ کرنا مطلوب ہے۔

نوٹس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ اگر آپ پیش نہ ہوئے تو سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں کچھ نہیں ہے۔

Load Next Story