ملیر اور گلشن حدید میں پولیس مقابلے، 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

پولیس نے ملزمان سے تفتیش شروع کردی، مزید کریمنل ریکارڈبھی چیک کیا جا رہا ہے

کراچی:

ملیر مراد میمن گوٹھ اور گلشن حدید میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مجموعی طور پر 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، موٹرسائیکلیں، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ تھانے کی حدود ملیر مراد میمن گوٹھ میں این اکیڈمی کے عقب میں کچے راستے پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی، جبکہ زخمی ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت حاکم علی اور واجد علی کے ناموں سے کی گئی۔

ایس ایچ او میمن گوٹھ محمد ایوب کے مطابق پولیس علاقے میں گشت اور انسداد جرائم میں مصروف تھی کہ ایک موٹرسائیکل پر سوار 2 مشکوک ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک ملزم پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم موٹرسائیکل سے گر کر زخمی ہوا۔ ایس ایچ او کے مطابق گرفتار ملزمان کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود گلشن حدید فیز 3 میں بھی فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت ایازن ولد نور محمد اور زیان خان ولد ذوالفقار کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 2 موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

Load Next Story