جینیفر لوپیز جیسی نظر آنے والی خاتون کی گرفتاری، تصویر نے مداحوں کو حیران کردیا

سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ ایک لمحے کے لیے انھیں ایسے لگا جیسے تصویر میں خود جینیفر لوپیز موجود ہیں

امریکی ریاست منیسوٹا میں چوری کے الزام میں گرفتار ایک خاتون کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کو اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا، کیونکہ خاتون کی شکل معروف امریکی گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز سے غیر معمولی حد تک مشابہ دکھائی دیتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ سیرینا کو 30 اگست کو منیسوٹا کے علاقے مونٹیسیلو سے حراست میں لیا گیا تھا۔ ان پر تقریباً 580 ڈالر مالیت کی پاور ٹول بیٹریوں کے دو پیک چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ایک دکان کے ملازم نے خاتون کو اس وقت پہچان لیا جب وہ پہلے ہونے والی ایک اور چوری کے واقعے کے دوران بھی نظر آئی تھیں، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ گرفتاری کے بعد دستیاب ریکارڈ کے مطابق سیرینا نے بیٹریاں چوری کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

تاہم معاملہ اس وقت سوشل میڈیا پر دلچسپ موضوع بن گیا جب گرفتاری کے بعد لی گئی ان کی تصویر سامنے آئی۔ تصویر دیکھنے والے صارفین نے خاتون کی ظاہری شکل کو 57 سالہ جینیفر لوپیز سے مشابہ قرار دیا اور کئی لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ایک لمحے کے لیے اسے لگا جیسے تصویر میں خود جینیفر لوپیز موجود ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے اس مشابہت کو ’ناقابل یقین‘ قرار دیا۔

کچھ صارفین نے جینیفر لوپیز کے 2002 میں مقبول ہونے والے گانے کا حوالہ دیتے ہوئے مزاحیہ تبصرے بھی کیے، جس کے بعد یہ تصویر مزید تیزی سے پھیل گئی۔

رپورٹس کے مطابق سیرینا کو گرفتاری کے اگلے ہی روز، یعنی 31 اگست کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

Load Next Story