امریکا: ایک ہی تاریخ کو پیدا ہونے والی ایک خاندان کی پانچ نسلیں

آئیووا سے تعلق رکھنے والا خاندان ایک ہی دن پیدا ہونے والی سب سے زیادہ نسلوں کا عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں

امریکا کے ایک خاندان نے پانچ نسلوں کے ایک ہی تاریخ کو پیدا ہونے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

ریاست آئیووا سے تعلق رکھنے والے فریڈ ہارلو اور ان کا خاندان ایک ہی دن پیدا ہونے والی سب سے زیادہ نسلوں کا عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں۔

فریڈ ہارلو کی پیدائش 14 ستمبر کو ہوئی تھی اور اسی تاریخ کو ان کے دادا ولبر، والدہ ایڈی، بیٹی ایما بیل اور نواسے آرتھر کی بھی سالگرہ ہے۔

فریڈ ہارلو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے بچے ہوتے ہیں تو وہ ایک تحفہ ہوتے ہیں لیکن یہ واقعی ایک بہت منفرد تحفہ ہے۔

ایما بیل نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی پیدائش کے بعد خاندان نے اس منفرد ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق کروانے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل انہیں معلوم تھا کہ خاندان چار نسلوں کے ساتھ اس ریکارڈ کے برابر آ سکتا ہے لیکن 14 ستمبر 2025 کو ان کے دوسرے بچے کی پیدائش نے خاندان کو نیا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب کر دیا۔

ایما کے مطابق ان کی دادی ہمیشہ کہا کرتی تھیں، ’تمہیں 14 ستمبر کو ایک بیٹا پیدا کرنا ہے۔‘

وہ بتاتی ہیں کہ ان کا پہلا بچہ مقررہ تاریخ سے پہلے پیدا ہوگیا تھا، اس لیے وہ اس بار پُرعزم تھیں کہ بچہ عین مقررہ تاریخ کو پیدا ہو۔

آرتھر کی پیدائش واقعی 14 ستمبر کو ہوئی۔ ایما کا کہنا ہے کہ اگر ان کی دادی حیات ہوتیں تو انہیں اس کامیابی پر بے حد فخر ہوتا۔

اس خاندان کے لیے اس مشترکہ سالگرہ کی ایک اور خاص بات بھی ہے۔ ایما کے مطابق نسلوں کی ترتیب لڑکا، لڑکی، لڑکا، لڑکی، لڑکا ہے، یعنی ولبر سے شروع ہونے والی یہ منفرد ترتیب پانچوں نسلوں میں برقرار رہی ہے۔

Load Next Story