کترینہ کیف کے بڑھتے وزن پر تنقید، ریتک روشن بھی دفاع میں سامنے آگئے

’’صرف بچے کی پیدائش کے بعد وزن بڑھنے کی وجہ سے کسی خاتون کو ’ختم‘ قرار دینا مناسب نہیں‘‘

بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کا کوئی نیا پراجیکٹ نہیں بلکہ بچے کی پیدائش کے بعد ان کی ظاہری شکل پر ہونے والے تبصرے ہیں۔ اداکار ریتک روشن نے کترینہ کے دفاع میں شیئر کی گئی ایک پوسٹ کو لائک کرکے ان کے حق میں اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

کترینہ کیف 14 ستمبر کو اپنے شوہر اور اداکار وکی کوشل کے ساتھ بھارت کے معروف کاروباری امبانی خاندان کی جانب سے منعقدہ گنیش چترتھی کی تقریب میں شریک ہوئی تھیں۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جن پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی کیے گئے۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے وزن اور حلیے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور موجودہ تصاویر کا موازنہ ان کی پرانی تصاویر سے کیا۔ اس ردعمل کے بعد انسٹاگرام اکاؤنٹ ’سٹوری سیلر کامکس‘ چلانے والے ہرش ویر جین نے کترینہ کی حمایت میں دو سلائیڈز پر مشتمل ایک پوسٹ شیئر کی۔

پوسٹ کی دوسری سلائیڈ میں انہوں نے توجہ دلائی کہ کترینہ ایک ماں ہونے کے ساتھ ساتھ کامیاب کاروبار بھی چلا رہی ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ و ذاتی زندگی میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر کسی شخص کا وزن پر تبصرہ شاید کترینہ کی زندگی پر اثر نہ ڈالے، لیکن ایسے الفاظ آس پاس موجود دوسری خواتین کو ضرور متاثر کرسکتے ہیں۔

کترینہ کے ساتھ ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ اور ’بینگ بینگ‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والے ریتک روشن نے ہرش ویر جین کی اسی پوسٹ کو لائک کیا۔ تاہم انہوں نے پوسٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی کترینہ کے خلاف ہونے والی تنقید کے حوالے سے براہ راست کوئی بیان جاری کیا۔

کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں نومبر 2025 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اداکارہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد جسم میں تبدیلی فطری عمل ہے اور کسی خاتون کو اسی بنیاد پر تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

کترینہ کیف کی آخری فلم ’میری کرسمس‘ تھی، جو 2024 میں ریلیز ہوئی۔ فلم میں انہوں نے اداکار وجے سیتھوپتی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

Load Next Story