میر رضا کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، سندھ ہائیکورٹ نے اسٹیٹ بینک سے جواب مانگ لیا

میر رضا کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات سے پیشرفت ہوسکتی ہے، تفتیشی حکام/ اسٹیٹ بینک کو 1 اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے میر رضا کی بینک ٹرانزیکشن کے حصول سے متعلق درخواست پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے یکم اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔

ہائیکورٹ میں میر رضا کے بینک ٹرانزیکشن کے حصول سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس میں تفتیشی حکام نے کہا کہ ہم تفتیش کر رہے دیکھنا چاہتے ہیں پیسے کا لین دین کہاں اور کس کس کو ہوتا رہا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تو بینک سے آپ ٹرانزیکشن رپورٹ لے لیں۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ اسٹیٹ بینک حکام سے رابطہ کیا تھا مگر انہوں نے جواب دیا کہ عدالتی حکم ہوگا تو ہم کارروائی کر سکتے ہیں۔

تفتیشی حکام نے کہا کہ ہمیں پتا بھی نہیں اس کے کہاں اور کس بینک میں اکاؤنٹ ہیں، اس لئے ہم نے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ بینک کی ٹرانزیکشن کیوں حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ہم چاہتے میر رضا کے بینک اکاؤنٹ اور ٹرانزیکشن کی تفصیلات مل جائیں۔ ہم صرف دیکھنا چاہتے ہیں کہ اس کے کتنے اکاؤنٹس تھے اور اس کی ٹرانزیکشن کہاں کہاں ہوئی ہے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ شاید بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات تفتیش میں معاون ثابت ہوں۔ عدالت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے یکم اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔

Load Next Story