25 کروڑ کی آئس برآمدگی؛ ’پنکی 2‘ حرا ناز ساتھی سمیت عدالت میں پیش
25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی آئس اور دیگر منشیات کی برآمدگی کے مقدمے میں گرفتار ’پنکی 2’ ملزمہ حرا ناز کو ساتھی سمیت عدالت میں پیش کیا گیا۔
سٹی کورٹ میں پیش کی گئی ملزمہ حرا ناز کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا جب کہ عدالت نے ملزمہ کے دیور ملزم عبدالغفار کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
پولیس نے عدالت سے دونوں ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے 25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اعلیٰ کوالٹی آئس برآمد ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان سے برآمد ہونے والی منشیات بھی عدالت میں پیش کردی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی ملزم پرویز، جو ملزمہ حرا ناز کا شوہر ہے، فرار ہوگیا ہے۔ مرکزی ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرنا ہے، جبکہ ملزمان کا سی آر او بھی کرانا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے ریمارکس دیے کہ مرد ملزم کا ریمانڈ دے دیتے ہیں جبکہ خاتون ملزمہ کو جیل بھیج دیتے ہیں۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ملزمہ کو جیل بھیجا گیا تو کیس خراب ہوجائے گا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے پورے پاکستان میں نیٹ ورک بنا رکھا ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش اور مرکزی ملزم سمیت دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری رکھنے کا مؤقف اختیار کیا۔
قبل ازیں پولیس ملزمان کو سخت حفاظتی انتظامات میں سٹی کورٹ لائی۔ ملزمہ حرا ناز کو خواتین پولیس اہلکاروں نے بازوؤں سے پکڑ رکھا تھا، جبکہ ملزمان کے چہروں پر بھی کپڑا ڈالا گیا تھا۔