فیکٹ چیک: کیا ایڈ شیران نے ساتھی فنکاروں کے ٹور چھوڑنے کے بعد اکیلے کنسرٹ میں پرفارم کیا؟

میکلمور تنازع اور سپورٹنگ فنکاروں کے ٹور چھوڑنے کے بعد ایڈ شیران نے کوئی نئی سولو یا گروپ پرفارمنس نہیں کی۔

سوشل میڈیا پر ایڈ شیران کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تنازع کے بعد سپورٹنگ فنکاروں کے ٹور چھوڑنے پر گلوکار نے اکیلے اسٹیج سنبھالا اور پرفارم کیا۔

یہ دعویٰ درست نہیں۔ 

یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب ریپر میکلمور کو فلسطین کی حمایت میں بیانات کے بعد ایڈ شیران کے لوپ ٹور سے ہٹایا گیا، جس کے بعد کئی سپورٹنگ فنکاروں نے بھی ٹور سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

تحقیق کے مطابق وائرل ویڈیو حالیہ نہیں بلکہ 2022 کی ہے اور اسے موجودہ تنازع سے غلط طور پر جوڑا جا رہا ہے۔ ریورس امیج سرچ کے دوران یہی مناظر دسمبر 2022 میں شیئر کی گئی ایک پرانی ویڈیو میں ملے، جبکہ دوسرے زاویے سے بنائی گئی اسی پرفارمنس کی ویڈیو جولائی 2022 میں بھی موجود تھی۔ 

ویڈیو دراصل لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں ایڈ شیران کے 2022 کے میتھیمیٹکس ٹور کی پرفارمنس کی ہے۔ ویمبلے اسٹیڈیم کی آفیشل ویب سائٹ بھی تصدیق کرتی ہے کہ ایڈ شیران نے جون اور جولائی 2022 میں وہاں پانچ شوز کیے تھے۔ 

میکلمور تنازع اور سپورٹنگ فنکاروں کے ٹور چھوڑنے کے بعد ایڈ شیران نے کوئی نئی سولو یا گروپ پرفارمنس نہیں کی۔ 

نتیجہ:
دعویٰ غلط ہے۔ وائرل ویڈیو حالیہ نہیں بلکہ 2022 کی پرفارمنس کی ہے۔

Load Next Story