گلوبل ولیج جعل سازی؛  دبئی پولیس نے خبردار کردیا

گلوبل ولیج کا 31 واں سیزن 14 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے

دبئی پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گلوبل ولیج کے نئے سیزن کے فیک (جعلی) وی آئی پی پیکس بیچنے والے آن لائن دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں۔ 

عرب میڈیا کے مطابق گلوبل ولیج کا 31 واں سیزن 14 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔ دبئی پولیس نے شہریوں اور سیاحوں کے لیے ایک اہم ترین سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ اس موقع کا فائدہ اٹھا کر اسکیمرز نے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر جعلی ویب سائٹس بنائی ہیں تاکہ وہ لوگوں کے پیسے اور ذاتی معلومات چوری کر سکیں۔ جعلی اکاؤنٹس اور ویب سائٹس بالکل گلوبل ویلج کی آفیشل سائٹس جیسی دکھائی دیتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھوکے باز صارفین کو سستے اور پرکشش وی آئی پی پیکیجز کا لالچ دے کر ان کے بینک اکاؤنٹس اور ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ گلوبل ویلج کے وی آئی پی پیکس کی فروخت کے لیے تاریخوں اور قیمتوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ پیکس خریدنے کے لیے خریدار کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ اور اماراتی آئی ڈی (Emirates ID) ہونا لازمی ہے۔

آفیشل ویب سائٹ پر تمام پیکجز کی تفصیلات درج ہیں صرف وہیں سے بکنگ کرائی جائے تاکہ آپ کی نجی معلومات اور رقم محفوظ رہ سکے۔

ان پیکس کی پری سیلز (Pre-sales) 21 ستمبر سے 25 ستمبر تک صرف "کوکا کولا ایرینا" کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی، جبکہ عام عوام کے لیے سیلز کا آغاز 26 ستمبر سے ہوگا۔

پولیس نے اپیل کی ہے سستی پیشکشوں سے بچیں اور کسی بھی ایسی آفر پر یقین نہ کریں جو حد سے زیادہ سستی یا غیر حقیقی معلوم ہو۔ کسی بھی انجان لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں اور ٹکٹس صرف تصدیق شدہ آفیشل چینلز سے ہی خریدیں۔ 

پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہیں کوئی بھی مشکوک اکاؤنٹ یا لنک نظر آئے تو فوری طور پر دبئی پولیس کے eCrime پلیٹ فارم پر رپورٹ کریں یا ہیلپ لائن نمبر 901 پر رابطہ کر کے شکایت درج کروائیں۔

 

Load Next Story