فیول ریلیف اسکیم میں 22 لاکھ افراد رجسٹرڈ، 19 لاکھ ٹوکن جاری
فوٹو: فائل
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فیول ریلیف اسکیم میں 22 لاکھ افراد رجسٹرڈ ہوچکے جب کہ 19 لاکھ ٹوکن جاری ہوچکے ہیں، اسکیم میں رجسٹرڈ 92 فیصد افراد بائیک، چنگ چی اور رکشا والے ہیں جن کے لیے مالک ہونے کی شرط بھی ختم کردی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی عوام کے لیے خصوصی پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری ہے، پوری دنیا میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، خطے میں کشیدگی کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، وزیراعظم نے غریب طبقے کا احساس کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو بروقت ہدایات جاری کیں، وزیراعظم نے خصوصی ریلیف اسکیم کی ہر مرحلے پر خود نگرانی کی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے کامیابی سے مکمل کیا گیا، وزیراعظم کو عوام کی فلاح و بہبود کا خصوصی خیال ہے، وزیراعظم نے 15 سال کے بجائے 20 سال پرانی موٹر سائیکل، رکشا اور گاڑیوں کو بھی اسکیم کا حصہ بنایا، یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکل، رکشا، چنگ چی بھی اسکیم میں رجسٹریشں کے لیے اہل ہوگئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسکیم میں اندراج کے لیے ایس ایم ایس بھی مفت کر دیا گیا ہے، ایک ٹوکن پر پانچ لیٹر پٹرول کی حد کو ختم کر دیا گیا ہے، تمام صوبائی حکومتوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی حکومتوں نے اسکیم پر عمل درآمد کے لیے بھرپور کردار ادا کیا، موٹر سائیکل، چنگ چی یا رکشا استعمال کرنے والوں کو مہینے میں چار ٹوکن ملیں گے، 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو ہر دس دن بعد 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ یہ سہولت تمام پٹرول پمپوں پر دستیاب ہیں، اوگرا کے ذریعے پٹرول اسٹیشنوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کی جاتی ہیں، اسکیم کا پورے پاکستان میں کامیاب اجراء ہوا ہے، اس وقت تک اسکیم کے تحت 22 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، 92 فیصد موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشا استعمال کرنے والے ہیں، موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشا کے لیے مالک ہونے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، صرف گزشتہ روز 5 لاکھ 57 ہزار سے زائد رجسٹریشن ہو چکی ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ اب تک 19 لاکھ ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں، ایک لاکھ 52 ہزار 800 سی سی گاڑیوں کو ٹوکن جاری کئے گئے ہیں، صرف گزشتہ روز 5 لاکھ 45 ہزار سے زائد ٹوکن جاری کئے گئے، وزیراعظم کو اسکیم کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے، عوام کی آراء کی روشنی میں اس اسکیم میں مزید بہتری لائی جائے گی، یہ اسکیم سب سے زیادہ مستحق افراد کے لئے لائی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے شکایات بھی آ رہی ہیں، جو شکایات آ رہی ہیں انہیں حل کیا جا رہا ہے، عوام کے لئے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، عوام کو فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے باقاعدہ ٹیوٹوریل کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا ہے، امپلی منٹیشن کمیٹی کی میٹنگ میں آج تمام صوبوں کے نمائندے موجود تھے، فیول ریلیف اسکیم کے تحت ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
ہماری ذمہ داری ہے کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا
سیاسی معاملات پر انہوں ںے کہا کہ سڑکوں کی بندش، عوام کی آمدورفت میں خلل کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں، انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اس میں کسی قسم کا خلل نہ آئے، ہماری ذمہ داری ہے، کوئی پرتشدد جتھہ اسلام آباد نہیں آئے گا۔