فیفا آسیان کپ: پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

فیفا آسیان کپ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گا

فیفا آسیان کپ کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 23 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، تاہم ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو ویزا میں تاخیر کے باعث اسلام آباد کے تربیتی کیمپ میں شریک نہیں ہوسکے اور ٹورنامنٹ سے قبل براہِ راست انڈونیشیا میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق اسکواڈ میں ملک سے سفر کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ بیرون ملک مقیم قومی ٹیم کے ارکان بھی شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ کی غیر موجودگی میں اسسٹنٹ کوچز ٹائٹس برامبل اور ولید جاوید نے تربیتی کیمپ کی نگرانی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نولبرٹو سولانو نے غلط کیٹیگری کے تحت ویزا درخواست دی تھی جس کی نشاندہی کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے دوبارہ درخواست جمع کرائی، تاہم ویزا کے اجرا میں تاخیر ہوگئی۔

پاکستانی ٹیم کی قیادت عبداللہ اقبال کریں گے جبکہ تجربہ کار فارورڈ کلیم اللہ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان انڈر 17 ٹیم کے کپتان عبدالصمد کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے حال ہی میں آذربائیجان کے کلب قرہ باغ ایف کے سے 2 سالہ معاہدہ کیا ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی درجہ بندی میں اس سے کہیں اوپر موجود ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہے اور یہ قومی ٹیم کے لیے تاریخی موقع ہے۔

فیفا آسیان کپ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان کو گروپ بی میں تھائی لینڈ، فلپائن اور ویتنام کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ قومی ٹیم 26 ستمبر کو تھائی لینڈ، 29 ستمبر کو فلپائن اور 2 اکتوبر کو ویتنام کے خلاف گروپ میچ کھیلے گی۔

پاکستان کے 23 رکنی اسکواڈ میں یوسف بٹ، حسن علی، ثاقب حنیف، عبداللہ شاہ، عبد الرحمن، علی خان، علی آغا، حیان خٹک، علی وزیر، عالمگیر غازی، علی رضا، عبدالصمد ارشد، کلیم اللہ، شائیک دوست، عبداللہ اقبال، عیسیٰ سلیمان، محب اللہ، مامون خان، محمد فضل، حارث زیب، عمر نواز، عبدالصمد اور علی خان شامل ہیں۔

 

Load Next Story