راولپنڈی: ہولی فیملی اسپتال میں 100 بیڈز کے کینسر ٹریٹمنٹ ٹاور کی منظوری
فوٹو: فائل
پنجاب حکومت کا راولپنڈی ڈویژن کے لیے کا بڑا فیصلہ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہولی فیملی اسپتال میں کینسر ٹریٹمنٹ ٹاور کی منظوری دے دی۔
راولپنڈی ڈویژن کے کسی سرکاری اسپتال میں کینسر ٹریٹمنٹ کا نظام موجود نہیں تھا، ہولی فیملی اسپتال میں کینسر ٹاور کی تعمیر کے لیے پی سی ون کی تیاری شروع کردی گئی۔
کینسر ٹاور مکمل ہونے تک ماہر ڈاکٹرز، عملہ اور ضروری طبی مشینری کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ہولی فیملی اسپتال میں کینسر کے علاج کے لیے کیرو ایبلیشن مشین پہلے ہی پہنچ چکی ہے جس کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔
بریسٹ، پھیپھڑوں، جگر اور گردے کے کینسر کے مریضوں کے لیے کیروایبلیشن مشین جلد فعال کردی جائے گی۔
دوسری جانب ہولی فیملی اسپتال کے اسٹروک سینٹر نے 150 افراد کو فالج کی مستقل معذوری سے بچا لیا۔
اسٹروک اٹیک کے 3 سے 4 گھنٹے میں اسپتال پہنچنے والے مریضوں کو ٹی پی اے انجکشن لگایا گیا جس کے ذریعے دماغ میں خون کے کلاٹ بننے سے روک کر مریضوں کو فالج سے محفوظ رکھا گیا
ہولی فیملی اسپتال میں 2024 میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اسٹروک سینٹر قائم کیا گیا تھا۔