ایشین گیمز کیلیے پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز

پہلے دن قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے مختلف مشقیں کیں جن میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ شامل ہیں

ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے مختصر تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر، نیشنل اسٹیڈیم میں چار روزہ تربیتی کیمپ جمعرات تک جاری رہے گا۔

پہلے دن قومی اسکواڈ  میں شامل کھلاڑیوں نے مختلف مشقیں کیں جن میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ شامل ہیں۔

یمپ کے اختتام پر  پاکستان اسکواڈ کی جاپان روانگی طے ہے، 5 کھلاڑی عثمان خان، صائم ایوب، معاذ  صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم لیگ مصروفیات کے بعد اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔

فاسٹ بولر محمد سلمان مرزا بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے قومی اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ متبادل محمد وسیم جونیئر کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

تربیتی کیمپ میں پہلے دو روز بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں ہوں گی۔

بدھ کو اوول گراؤنڈ میں تربیتی ٹی ٹوئنٹی میچ طے ہے جبکہ جمعرات کو سینٹر وکٹ سنیریو پریکٹس میچ ہوگا، مدد کے لیے مقامی کرکٹرز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

24 ستمبر کی درمیانی شب 21 رکنی قومی دستہ جاپان روانہ ہو جائے گا۔

قومی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔

5 رکنی سپورٹ اسٹاف مائیک ہیسن (ہیڈ کوچ)، ایشلے نوفکے (بولنگ کوچ)، شین میکڈرماٹ (فیلڈنگ کوچ)، محمد طاہر (فزیو تھراپسٹ)، عمران اللہ (ٹرینر) اور عثمان ہاشمی (اینالسٹ) پر مشتمل ہے۔

24 ستمبر کو افغانستان کا جاپان اور ہانگ کانگ کا ملائیشیا، 25 ستمبر کو ہانگ کانگ کا عمان اور افغانستان کا نیپال جبکہ 26 ستمبر کو جاپان کا نیپال اور ملائیشیا کا عمان سے مقابلہ طے ہے۔

28 ستمبر کو پہلے کوارٹر فائنل میں پاکستان، دوسرے کوارٹر فائنل میں بھارت، 29 ستمبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں سری لنکا اور چوتھے کوارٹر فائنل میں بنگلادیش اپنی حریف ٹیموں سے مقابلہ کریں گے۔

یکم اکتوبر کو دونوں سیمی فائنل مقابلے ہوں گے جبکہ گولڈ میڈل کے لیے فائنل 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

Load Next Story