کیا رونالڈو ورلڈ کپ 2030 میں بیٹے کے ساتھ پرتگال کی نمائندگی کریں گے؟
پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے 2030 ورلڈ کپ میں اپنے بیٹے کرسٹیانو رونالڈو جونیئر کے ساتھ پرتگال کی نمائندگی کرنے کا امکان فی الحال ایک خواب نظر آتا ہے، تاہم سابق مانچسٹر یونائیٹڈ مڈفیلڈر ایرک جیمبا- جیمبا کے مطابق یہ ممکن ہوسکتا ہے۔
پرتگال 2030 ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کرے گا جبکہ رونالڈو نے واضح کیا ہے کہ وہ 2026 ورلڈ کپ کے بعد بھی بین الاقوامی فٹبال جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ 2030 میں ان کی عمر 45 سال ہوگی، تاہم ان کی فٹنس اور طویل عرصے تک اعلیٰ سطح پر کھیلنے کی صلاحیت کے باعث ان کے مستقبل پر بحث جاری ہے۔
ایرک جیمبا جیمبا نے ماضی میں کہا تھا کہ رونالڈو 44 یا 45 سال کی عمر تک کھیل سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر رونالڈو 2030 ورلڈ کپ تک کھیل رہے ہوں تو انہیں پرتگال کے اسکواڈ میں ضرور شامل کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب رونالڈو کے 15 سالہ بیٹے کرسٹیانو رونالڈو جونیئر بھی فٹبال میں اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔ حال ہی میں النصر انڈر 17 کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے الاحلی کے خلاف 2-1 کی فتح میں دونوں گول کیے۔
جیمبا جیمبا کا کہنا ہے کہ اگر 2030 میں رونالڈو اور ان کا بیٹا ایک ہی وقت میں پرتگال کی سینئر ٹیم میں شامل ہوکر ورلڈ کپ کھیلیں تو یہ رونالڈو کے کیریئر کا شاندار اختتام اور پرتگالی فٹبال کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔ تاہم رونالڈو جونیئر کا اس وقت قومی ٹیم کی سینئر سطح تک پہنچنا ابھی بہت دور کی بات ہے۔