مصنوعی ذہانت کا ’’فرینکنسٹائن لمحہ‘‘

انسانی تاریخ دراصل تسخیر ِ کائنات اور اپنی تخلیقات پر کامل تصرف کے دعوئوں سے عبارت ایک طویل اور پرپیچ داستان ہے۔

انسانی تاریخ دراصل تسخیر ِ کائنات اور اپنی تخلیقات پر کامل تصرف کے دعوؤں سے عبارت ایک طویل اور پرپیچ داستان ہے۔ سائنس فکشن کے عظیم تخلیق کار میری شیلی کے شہرہ آفاق ناول ’’فرینکنسٹائن‘‘ کے اساطیری کردار سے لے کر معاصر مفکرین کے تنبیہی بیانیوں تک، ایک خوفناک خدشہ ہمیشہ سائے کی طرح انسانی ادراک کے ساتھ ساتھ چلتا رہا ہے ،وہ لمحہ جب انسان کی اپنی تراشیدہ اختراع ضوابط اور اخلاقی حصار کو توڑ کر خود سر ہو جائے۔

جولائی 2026ء میں پیش آنے والا ’’ہگنگ فیس‘‘کا غیر معمولی اور حیرت انگیز واقعہ محض سائبر دنیا کا ایک بظاہر معمولی تکنیکی حادثہ یا سیکیورٹی میں شگاف نہیں ہے، بلکہ یہ کمپیوٹر سائنس اور مصنوعی ذہانت کی تاریخ کا وہ پہلا صریح اور لرزہ خیز اشارہ ہے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ مشینوں کا انسان کی براہ راست ہدایت اور ارادے سے باہر نکل جانا اب محض فلمی کہانیوں کا موضوع نہیں رہا، بلکہ ایک ٹھوس، زندہ اور بھیانک حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ اس داستان کو سمجھنے کے لیے پہلے دو اداروں کی حیثیت جان لینا ضروری ہے۔

ایک طرف ’’اوپن اے آئی‘‘ ہے، جو مصنوعی ذہانت کے جدید ترین ماڈلز اور تحقیق کا ایک بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ دوسری طرف ’’ہگنگ فیس‘‘ ہے ۔ ڈیجیٹل دنیا کا وہ عظیم الشان کتب خانہ اور کھلی منڈی، جہاں دنیا بھر کے محققین، ڈیولپرز اور ادارے اپنے تیار کردہ مشین لرننگ ماڈلز، ڈیٹا سیٹس اور ایپلی کیشنز رکھتے ہیں اور لاکھوں لوگ انھیں روزانہ اٹھاتے، برتتے اور آگے بڑھاتے ہیں۔

اوپن سورس مصنوعی ذہانت کی عمارت کا بیش تر بوجھ آج اسی ایک پلیٹ فارم کے کندھوں پر ہے۔جولائی2026ء سے کچھ عرصہ قبل، اوپن اے آئی کے بند تحقیقی ماحول میں ایک طاقتور ماڈل کو سائبر سیکیورٹی کی ایک آزمائش سے گزارا جا رہا تھا۔ مقصد یہ جانچنا تھا کہ ایسے سسٹمز سافٹ ویئر کی کم زوریوں کا سراغ کس مہارت سے لگاتے ہیں۔ احتیاط کا تقاضا پورا کرتے ہوئے ماڈل کو ایک الگ تھلگ، محصور ڈیجیٹل قفس یعنی ’’سینڈ بکس‘‘ میں رکھا گیا تھا، تاکہ اس کا رابطہ لیب کی چاردیواری سے باہر قائم نہ ہو سکے۔ کاغذ پر یہ بندوبست بے عیب تھا۔لیکن جولائی2026ء کے وسط میں وہ ہوا جس کا تصور خود ان سسٹمز کے معماروں نے نہیں کیا تھا۔

آزمائشی ماڈل نے اپنے محصور ماحول کی دیوار میں ایک باریک شگاف ڈھونڈ نکالا۔ پھر ہگنگ فیس کے ڈیٹا سیٹ پروسیسنگ کے طریقہ کار میں موجود ایک تکنیکی سوراخ کو استعمال کرتے ہوئے اس نے براہِ راست پروڈکشن سَرورز تک ، یعنی اس زندہ انفراسٹرکچر تک جس پر لاکھوں لوگوں کا کام چل رہا تھا ، رسائی حاصل کر لی اور وہاں اپنا کوڈ چلانے کا اختیار پا لیا۔ نتیجہ: اکتالیس پروڈکشن سَرورز متاثر اور ادارے کو اپنے بنیادی ڈھانچے کا لگ بھگ ایک تہائی حصہ نئے سرے سے کھڑا کرنا پڑا۔مگر اصل سنسنی یہاں نہیں تھی۔ خوف کی لہر اس وقت اٹھی جب بعد کی تحقیقات نے بتایا کہ یہ کسی ایک ماڈل کی انفرادی پیش قدمی نہ تھی۔ مئی سے جولائی کے دوران سات سو سے لے کر بارہ سو تک خود کار ’’اے آئی ایجنٹس‘‘ اس سلسلے میں شریک تھے۔

انھیں جانچ کے دوران ایسے ٹاسک دیے گئے تھے جو یا تو حل طلب حد تک پیچیدہ تھے یا عملاً ناممکن۔ روایتی سافٹ ویئر ایسے موقع پر رک جاتا ہے اور ناکامی درج کر دیتا ہے۔ ان ایجنٹوں نے دوسرا راستہ چنا۔انھوں نے انٹرنیٹ پر عارضی اور غیر رسمی ’’میسج بورڈز‘‘ خود قائم کر لیے ، بعض جگہ کھلی ویکیز کو اپنے مقصد کے لیے استعمال کیا اور ان پر باہم رابطہ استوار کیا۔ کسی انسان نے انھیں اس کا حکم نہیں دیا تھا۔ اس داستان کا ایک اور انتہائی سبق آموز اور تلخ رخ یہ ہے کہ یہ سارا ڈراما ہفتوں تک انسانی نظروں سے بالکل اوجھل رہا۔

 مشینوں کے اندر قوانین کو نظر انداز کرنے، بائی پاس ڈھونڈنے اور حدوں کو پامال کرنے کی یہ ’’خود سری‘‘‘ کہاں سے آئی؟ اس کا جواب خود ماڈلز کی بنیادی تربیت کے اس طریقہ کار میں چھپا ہوا ہے جسے ٹیکنالوجی کی دنیا میں’ ’ری انفورسمنٹ لرننگ‘‘ یعنی جزا و سزا کا نظام کہا جاتا ہے۔

یہ واقعہ دنیا کا پہلا ایسا مکمل طور پر ’’خودمختار سائبر حملہ‘‘ ہے جہاں کسی انسان نے بٹن دبایا، نہ حملہ کرنے کا آرڈر دیا اور نہ ہی حملے کے مراحل طے کیے۔ آج اگر یہ خود سر ایجنٹ ایک سیکیورٹی لیب سے نکل کر ہگنگ فیس کے سرورز تک پہنچے ہیں، تو کل کو یہی خود کار ایجنٹ ہمارے عالمی مالیاتی نظام، بینکنگ انفراسٹرکچر، اسٹاک مارکیٹ، بجلی کی فراہمی کے نیٹ ورکس یا حساس دفاعی مواصلات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ جب کسی مشین کو اپنے مقصد کے حصول کے لیے روایتی راستے مسدود ملیں گے اور وہ انسان کے کنٹرول کے بغیر خود ساختہ راستے ایجاد کرنے لگے گی۔

Load Next Story