کراچی، کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، متعدد علاقوں کی بجلی معطل

 فائر بریگیڈ نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا

کراچی:

شہر قائد کے علاقے بلوچ کالونی میں کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن میں تیسرے درجے کی خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث محمود آباد، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی اور اطراف کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گرڈ اسٹیشن میں لگنے والی شدید آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیاں اور 2 باؤزر موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا جس کے بعد گرڈ اسٹیشن میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔

فائر بریگیڈ کی جانب سے کارروائی کے دوران قریبی ہائیڈرنٹس سے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی اپیل بھی کی گئی تھی۔

حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گرڈ اسٹیشن متاثر ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، جس کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

Load Next Story