عباس عراقچی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے

ایرانی وزیر خارجہ جنرل اسمبلی کے موقع پر مختلف ممالک کے حکام اور وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے

نیویارک: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایرانی سفارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق عراقچی کی آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ اور خطے میں کشیدگی جاری ہے۔

عباس عراقچی نے نیویارک پہنچنے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جنرل اسمبلی کے ایجنڈے اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

عراقچی نے ایرانی صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ تہران کا اہم مقصد اقوام متحدہ کے اس عالمی پلیٹ فارم کو ایرانی عوام کے حقوق، مفادات اور ایران کے مؤقف کے اظہار کیلئے استعمال کرنا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جنرل اسمبلی کے موقع پر مختلف ممالک کے حکام اور وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یہ امریکا میں جنگ شروع ہونے کے بعد کسی اعلیٰ سطح کے ایرانی عہدیدار کا اہم دورہ ہے۔ اس سے قبل امریکی انتظامیہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور بنیادی وفد کو جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے ویزے دینے کی منظوری دی تھی، تاہم ایرانی وفد پر سفری اور دیگر پابندیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے پہلے بتایا گیا تھا کہ صدر مسعود پزشکیان وفد کی قیادت کریں گے، تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق نیویارک میں ایران کے سفارتی وفد کی قیادت عباس عراقچی کر رہے ہیں۔ پزشکیان کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے نیویارک آمد بھی متوقع ہے۔

Load Next Story