ایف بی آر گوداموں سے 25 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹ غائب ہونے کا اسکینڈل، مقدمہ درج
ایف بی آر گوداموں سے 25 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹ غائب ہونے کے اسکینڈل کا ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل نے مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر میں ایف بی آر کے5 افسران اور نجی کمپنی کے 3 مالکان ملزمان نامزد کیے گئے، مقدمہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد سفیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقدمے میں انسپکٹر کامران، انسپکٹر نوید، ڈرائیور، سیکیورٹی گارڈ اور نائب قاصد نامزد کیے گئے، نجی کمپنی کے 2 ڈائریکٹرز اور منیجر بھی مقدمے میں نامزد، گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق صوابی میں فروری 2024 کو سگریٹس کے 1262 کارٹن پکڑے گئے، سگریٹس کے کارٹن مردان میں ایف بی آر کے ویئر ہاؤس میں رکھے گئے، انسپکٹر کامران اور نوید نے 1202 کارٹن مردان سے صوابی منتقل کئے، صوابی گوادم پہنچنے پر ٹرکوں سے 908 کارٹن سگریٹس غائب پائے گئے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مبینہ طور پر 3 ماہ بعد 907 کارٹن دوبارہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا، ایک سال بعد انسپکشن ہوئی تو 907 سمیت 2828 کارٹن غائب پائے گئے، سگریٹ چوری میں ایف بی آر کے انسپکٹرز اور عملہ براہ راست ملوث نکلا، ملزمان نے ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو 25 کروڑ کا نقصان پہنچایا، گوداموں میں جان بوجھ کر لاگ بک بنائی گئی نہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے۔