مارک ووڈ کا 36 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

مارک ووڈ 2019 کی ون ڈے ورلڈ کپ اور 2022 کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فاتح ٹیموں میں بھی شامل رہے

انگلینڈ کے تیز رفتار فاسٹ بولر مارک ووڈ نے مسلسل انجریز سے نبردآزما رہنے کے بعد 36 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

مارک ووڈ نے تینوں فارمیٹس میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 146 میچز میں مجموعی طور پر 253 وکٹیں حاصل کیں جن میں 38 ٹیسٹ میچز میں 119 وکٹیں بھی شامل ہیں۔

مارک ووڈ نے 2015 میں انگلینڈ کی ٹیم میں جگہ بنائی اور اسی سال ایشیز سیریز جیتنے والی ٹیم کا حصہ بنے۔

وہ 2019 کی ون ڈے ورلڈ کپ اور 2022 کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فاتح ٹیموں میں بھی شامل رہے۔

2019 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے 18 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 2021-22 کی ایشیز سیریز میں 17 وکٹیں لے کر انگلینڈ کے نمایاں بولر رہے۔

2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں گھٹنے کی انجری کے بعد ووڈ کو سرجری کرانا پڑی۔

گزشتہ ایشیز کے پہلے ٹیسٹ میں واپسی کے باوجود وہ دوبارہ زخمی ہوگئے۔

مارک ووڈ نے کہا کہ مسلسل انجریز نے انہیں ذہنی طور پر تھکا دیا تھا اور اب انہیں محسوس ہوا کہ انگلینڈ سے ریٹائرمنٹ کا یہی درست وقت ہے۔

تاہم وہ ڈرہم کے لیے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور دیگر فرنچائز لیگز میں کھیل جاری رکھنے کے ساتھ براڈکاسٹنگ اور کوچنگ سے بھی وابستہ رہیں گے۔

Load Next Story