خیبرپختونخوا میں اس وقت گورنر راج لگا ہوا ہے، بیرسٹر گوہر

آپ نے کے پی کو مکمل کنٹرول کیا ہوا ہے، ایم پی ایز ایم این ایز ہمارے ہیں لیکن حکم آپ کا چل رہا ہے یہ جمہوریت نہیں

فوٹو فائل

لاہور:

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کے پی کے میں اس وقت گورنر راج لگا ہوا ہے، آپ نے ہمارے صوبے کو مکمل کنٹرول کیا ہوا ہے، ایم پی ایز ایم این ایز ہمارے ہیں لیکن سکہ آپ کا چل رہا ہے یہ جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاہور آیا ہوں، عمران خان کی بہنوں  کی گرفتاری بدترین سیاسی انتقام ہے، عمران خان کی فیملی کے چار لوگ اور آٹھ ایم این ایز گرفتار  اور وزرا لاپتا ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ کے پی کے میں بغیر گورنر رول کے اس وقت گورنر راج لگا ہوا ہے، آپ نے ایک طرح سے کے پی کے کو مکمل کنٹرول کیا ہوا ہے، کے پی کے میں ایم پی ایز ایم این ایز ہمارے ہیں لیکن سکہ آپ کا چلتا ہے یہ عمل جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم یہ چاہ رہے ہیں کہ ہمارا مارچ بھی ہو اور پرامن بھی ہوں
ایک حکومتی ٹولہ ہمارے لانگ مارچ کے حوالے سے پروپیگنڈا کررہا ہے کہ وہ اداروں پر حملہ آور ہوں گا، یہ حکومتی ٹولہ جو بیانیہ بنارہا ہے اس کا کوئی بندوبست کرنا ہوں گا، ہمیں پتا ہے کہ ہم نے کس سے بات کرنی ہے، بات ہونی چاہیے لیکن بدقسمتی سے ابھی بات نہیں ہورہی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی مسائل کا سیاسی حل نکالنا ہوگا، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ سیاسی مسائل کا سیاسی حل نکلے اور پاکستان کے مسائل حل ہوں، اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس  اور ہماری قیادت بات چیت کے لیے تیار ہے مگر حکومت کی بات چیت کی پیشکش صرف پیشکش ہے اس میں عملی طور پر کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں اس وقت مسائل ختم  کرنے کی کوئی سوچ نہیں ہے، گورنر راج سے پہلے ہی کے پی میں گورنر راج لگا ہوا ہے، سیاست میں کوئی لفظ حتمی نہیں ہوتا، جو دوسروں کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں ان کا حال سب کے سامنے ہے۔

Load Next Story