زباں فہمی296 ؛ مصالحہ صحیح ہے کہ مسالہ؟

زباں فہمی296 ؛ مصالحہ صحیح ہے کہ مسالہ؟؛ تحریر : سہیل احمد صدیقی

زباں فہمی296 ؛ مصالحہ صحیح ہے کہ مسالہ؟؛ تحریر : سہیل احمد صدیقی

لسانیات میں بعض مباحث ہمیشہ زندہ رہتے ہیں یا کم از کم ماہرینِ لسانیات اور تمام متعلقِین انھیں زندہ رکھتے ہیں۔ ایسے ہی موضوعات میں ایک (بظاہر ) لایَنحَل (کبھی نہ حل ہونے والا) مسئلہ یہ بھی ہے کہ آیا لفظ مصالحہ صحیح ہے یا مسالہ ;ضمنی نکتہ یہ ہے کہ مسالہ لکھا جائے یا مسالا؟

فرہنگ ِ آصفیہ میں’’مصالح‘‘ کے باب میں یہ اندراج ملتا ہے: 1۔ع(عربی)، اسم مؤنث، مصلحت کی جمع، بھلائیاں ، نیکیاں، نکوئیاں، 2۔ فارسی، اردو: اسم مذکر ، سامانِ عمارت جیسے مٹّی،گارا وغیرہ، مُطلق سامان ہر چیز کا،3 ۔اردو: اسم مذکر: پیاز، لہسن ، ادرک، دھنیا وغیرہ جو گوشت میں ڈالا جاتا ہے ، وہ ’مصالِح‘ کہلاتا ہے اور جب لونگ ، الائچی، زِیرہ ، سیاہ مرچ وغیرہ تو اُسے ’گرم مصالح‘ کہتے ہیں، 4۔اردو: اسم مذکر، گوٹہ کِناری،5۔ اردو : اسم مذکر، گوٹا یعنی دھنیا خرپُزے (خربوزے: س ا ص) کے بیج وغیرہ جو محرّم میں کھاتے ہیں ;اس معنیٰ میں پُورَب میں بولتے سُنا ہے6۔ اردو: اسم مذکر، نوخیز عورت، پٹاخہ، طپنچہ (طمنچہ یا پستول: س ا ص)،7۔ اردو: اسم مذکر، مزے دار اور چٹ پٹا بنادینے والی چیزیں ۔ اردو اور فارسی والے اِس کو مُفرَداِستعمال کرتے ہیں بلکہ اُردو میں تو یہ لفظ کہیں بفتح ِ لام (یعنی لام پر زبر: س اص)، کہیں بکسر ِ لام (یعنی لام کے نیچے زیر: س ا ص) مُستعمل ہے۔ بعض محقق اِس کو ’ماصَلَحَ کا مخفف خیال فرماتے ہیں، چنانچہ حضرت آزادؔ (مراد محمد حسین آزادؔ : س اص) نے بھی ’آبِ حیات ‘ میں رقم فرمایا ہے۔

اس معلومات افزا منقولہ تحریر کے بعد ہم رجوع کرتے ہیں اردو لغت بورڈ کی عظیم لغت کے خلاصے یعنی دو جلدوں پر مشتمل لغت سے، جہاں مصالحہ تو نہیں، البتہ ’مصالِح‘ موجود ہے اور اُردواِسم مذکر بتایا گیا، نیز اِس کے سامنے لکھا گیا، مسالا۔ دیکھیے ’مسالا‘۔ اس کے بعد اِسی لغت کے مرتبین نے لفظ ’مُصالِح‘ درج کیا جو عربی میں صلح کرنے والے کو کہتے ہیں اور فقہ میں اس سے مراد وہ وارث یا شریک ہے جو ترکے سے کسی معلوم شے کو لے کر علیٰحدہ ہوجائے اور اس بابت دیگر وُرَثا راضی ہوں۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی۔ اسی لغت میں مصالحہ کے سامنے ’مسالا‘ کو صحیح اِملا قرار دے کر یہ بیان رقم کیا گیا: مسالا جو صحیح املا ہے

۔1۔ سالن کے لوازمات، نمک، مرچ، لہسن، پیاز اور گرم مصالحہ وغیرہ (یہاں کیوں مصالحہ لکھ گئے: س ا ص)2۔ (معماری: فنّ تعمیر: س ا ص) چُونا، گچ وغیرہ جو عمارتوں کی تعمیر کے کام آتا ہے 3۔ گوٹا کناری، لیس، گوٹا جو کپڑوں کی زینت بڑھانے کے لیے ٹانکا جاتا ہے۔ اتنے اہم موضوع پر بلاسند وحوالہ کوئی حتمی رائے ہرگز قائم نہیں کرنا چاہیے۔ مرتب یا مؤلف نے کیسے یہ قراردیا کہ ’مصالحہ‘ غلط اور ’مسالہ‘ درست ہے؟

ایک مرتبہ پھر فرہنگِ آصفیہ کی طرف پلٹتے ہیں۔ ’مسالہ‘ کے مقابل مؤلف موصوف نے درج کیا : اردو ، اسم مذکر، صحیح مصالح1۔ سامان ، ہر ایک چیز کی تیّاری کی ضروریات 2۔ ابازیر، نمک، مرچ ،لہسن، پیاز، دھنیا وغیرہ جو سالن میں ڈالا جاتا ہے 3۔گوٹا کناری، گوکھرُو، ٹھپّا وغیرہ۔ یہاں تک مولوی سیّد اَحمد دہلوی کا بیان بہت غور طلب ہے۔ اب اُن کے مقابل لکھنوی مکتب کے نامور لغت نویس مولوی نورالحسن نیّر کی نوراللغات دیکھتے ہیں تو ایک نئی بات سامنے آتی ہے۔ وہ لفظ ’مسالا‘ ]نہ کہ مسالہ، ظاہر ہے کہ متشدد ماہرین نے یہ نظریہ پیش کیا کہ چونکہ ہندی میں ہائے مختفی یعنی ’ہ‘ نہیں ، اس لیے کسی اسم یا لفظ کے آخر میں ’ہ‘ کی بجائے الف ہی لگانا اصحّح ہے۔ راقم کا کہنا ہے کہ جناب جب ہندی۔ اردو لغت کے فاضل مرتب راجہ راجیسور راؤ اصغرؔ نے ایسے کسی لفظ یا اسم کے معاملے میں سختی نہیں کی (غالباً رِواجِ عام کے سبب) تو ہمیں بھی اس پر ڈٹے رہنے کی ضرورت نہیں[ کی بابت لکھ گئے: مصالح کا مُہَنّد (یعنی ہندی بنایا ہوا: س ا ص) جو عربی میں مصلحت کی جمع ہے۔ فارسی والے بطور مفرد ہرچیز کی تیّاری کے لوازم اور ضروریات کے معنیٰ میں استعمال کرتے ہیں اور یہی محلّ استعمال اُردو میں بھی ہے۔ دہلی والے اصل کی طرف جاتے ہیں، مگر چونکہ زبانوں پر ’مصالح‘ نہیں ہے، اس لیے مؤلف (یعنی خود مولوی نورصاحب: س ا ص) کی رائے ہے کہ اُردومیں جو بولیں، وہی لکھیں۔ جس طرح مسالہ بولتے ہیں، اسی طرح لکھا بھی جائے اور یہی مشرب متوسّطین ومُتاخرین شعرائے لکھنؤ کا ہے۔ (پوری بات سمجھ میں آگئی کہ ایک لکھنوی نمایندے نے دہلوی نمایندے کی بات کو بربِنائے صوتی املا رَد کردیا۔ مگر کیا دیگر بے شمار الفاظ کے ضمن میں بھی ایسا ہی کرنا جائز ہوگا؟ اگر ہاں تو پھر بہت گڑبڑ ہوجائے گی اور نتیجہ یہ نکلے گا کہ ایک نسبتاً کم معروف ادیب جافر ہسن کی طرح لوگ اپنے ناموں کے ہجّے بدل کر لکھنے لگیں گے۔ س ا ص)۔ نوراللغات کے فاضل مؤلف نے اپنی بات میں وزن پیدا کرنے کے لیے بھی اپنے ہم مسلک بزرگوں کے حوالے دیے۔ فرمایا کہ رشکؔ نے اپنی لغت میں لکھا ہے’’مسالا۔ضروریاتِ ہر چیز باشدکہ بداں ضروریات، رونق و لذّت آں چیز شَوَد۔ ظاہر ااِیں لغت از مصالح باشد‘‘۔ (مفہوم وہی جو اُوپر فارسی لغات کے حوالے سے بیان ہوا: س ا ص)۔ اسی کی تقلید جلال ؔ نے اپنے لغت ’گلشنِ فیض‘ میں کی ہے۔ منیرؔ مرحوم نے بھی یہی مشرب اختیار کیا ہے  ؎ نمک چھڑکنے کو مانگے ، جراحتِ دل پر+جو دیکھے آپ کے مُوباف کا مسالا۔ سانپ (کالا سانپ، پالا سانپ زمیں ہے )، جانؔصاحب کے شعر سے بھی پتا چلتا ہے کہ محلّاتِ لکھنؤ میں یہی بول چال تھی۔  ؎ اے جان ؔ ایسا چھاتی سے لپٹا یا بھینچ کر +انگیا کا میری سارا مسالا مَسَل گیا۔ مذکر 1 ۔ چُونا اور سُرخی وغیرہ پر، عمارت کی ضروریات سے ہے 2۔ وہ کتابیں جن سے تالیف میں مدد مل سکے (یہ ہم آج بھی استعمال میں دیکھتے ہیں: س ا ص)، 3۔گوٹا، پٹّھا، بُنَت، کناری وغیرہ جن سے کپڑوں کی چمک دمک زیادہ ہو 4۔ لونگ ، الائچی، دھنیا، مرچ وغیرہ جن سے کھانے کی لذت زیادہ ہوجاتی ہے 5۔ ایک قسم کا مرکّب جس میں چِکنی ڈلی، الائچی، لونگ وغیرہ ڈالتے ہیں اور چُونے کتّھے کے ساتھ پان کے عِوض (یعنی پان کی جگہ: س ا ص) کھاتے ہیں 6۔ ایک قسم کا مرکّب جس میں بھُنا ہوا ناریل اور دھنیا شامل ہوتا ہے اور جس کو محرّم میں، پان کی جگہ کھاتے ہیں اوراِس کو محرّم کا مسالا کہتے ہیں 7۔ ایک مرکّب جس سے بال صاف کرتے ہیں اور جس کو بال دھونے کا مسالا کہتے ہیں 8۔ ہر چیز کی تیّاری کے لوازم اور ضروریات۔

لطف کی بات ہے کہ جو لوگ اِس لفظ کو ہندی الاصل سمجھتے ہیں، اُنھیں معلوم نہیں کہ مصالحہ یا مسالہ، ہندی لغات میں شامل نہیں۔ حوالے کے لیے راجہ راجیسور راؤ اَصغرؔ کی بے مثل ہندی۔ اردو لغت (مع اضافہ ومقدمہ از قلم سید قدرت نقوی) ، مطبوعہ انجمن ترقی اردوپاکستان، کراچی ملاحظہ فرمائیں۔

مزید تشفّی کے لیے ایک اور لغت دیکھتے ہیں جو محض اتفاقاً دہلوی کی نہیں بلکہ لکھنوی کی ہے یعنی لغات ِ کِشوری۔ لغاتِ کِشوری (اردو) از مولوی تصدق حسین رضوی (اوّلین اشاعت: جولائی 1923ء، مطبع منشی نَوَل کِشور، لکھنؤ) میں لفظ مصالحہ کا اِندراج اپنی اصل شکل میں موجود ہے یعنی ’مصالِح‘۔ فاضل مؤلِّف نے اس لفظ کے مقابل معانی یوں تحریر کیے: ع (عربی)۔ جمع مصلحت کی، بھلائیاں ۔اور۔ فارسی میں ان معنوں میں بھی مستعمل ہے: سامان اور اَسباب، کسی چیز کی دُرُستی کا ;وہ چیزیں جن سے دوسری چیز کی اِصلاح کریں;عمارت کی ضروریات جیسے چُونہ (چُونا) اور لکڑی اور اِینٹ وغیرہ۔کم وبیش یہی اندراج ہمیں فرہنگ ِ فارسی از ڈاکٹر محمد عبداللطیف میں ملتا ہے: مصلحت کی جمع، بھلائیاں، نیز عمارتی سامان جیسے اینٹ، چُونا، پتھر اور سیمنٹ وغیرہ۔

حیرت انگیز اِنکشاف یہ ہے کہ جدید اِیرانی فارسی میں spiceکے معانی میں ’’اَدوِیہ، چاشنی غذا‘‘ اور فعل spicing کا مطلب’’ ادویہ زدَن بہ‘‘ مستعمل ہے (فرہنگِ اِنگلیسی۔ فارسی از عباس آریان پور کاشانی و منوچہر آریان پور کاشانی، ناشر: امیر کبیر پبلشنگ کارپوریشن، تہران، ایران۔ 1989)

لفظ ’مصالحہ‘ کی تحقیق کے باب میں آنلائن لغت ’ریختہ‘ نے یہ مواد نقل کیا ہے:

مَصالِحَہ (masaaliha)۔ مَصالِحَہ کے اردو معانی: اسم، مذکر۔(معماری) چونا، گچ وغیرہ جو عمارتوں کی تعمیر کے کام آتا ہے۔ ایک مرکب جس سے بال دھوتے ہیں۔ ایک وضع کا مرکب جس میں چکنی چھالیہ، الائچی، لونگ وغیرہ ڈالتے ہیں اور چونے کتھے کے ساتھ پان کی بجائے کھاتے ہیں؛ ایک مرکب جس میں بھنا ہوا ناریل اور دھنیا شامل ہوتا ہے اور جس کو محرم میں کھاتے ہیں اور اس کو محرم کا مسالا کہتے ہیں۔

٭  خوشبو دار مرکب؛ مراد: ابٹن

٭  سالن کے لوازمات، نمک، مرچ، لہسن، پیاز اور گرم مصالحہ وغیرہ

٭  گوٹا کناری، لیس، گوٹا جو کپڑوں کی زینت بڑھانے کے لیے ٹانکا جاتا ہے ۔

٭  وہ کتابیں جن سے تالیف میں مدد مل سکے، مضامین وغیرہ جن سے رسالہ تیار ہوسکے، خام مواد۔

٭  کسی چیز کے اجزائے ترکیبی، خام مال، وہ چیزیں جو کوئی چیز بنانے یا کوئی کام کرنے کے لیے ضروری ہوں

٭  کوئی مرکب یا آمیزہ، کوئی بودار سفوف یا پوڈر وغیرہ۔

مَصالِحَہ سے متعلق دلچسپ معلومات

مصالحہ بمعنیٰ Spice, Spices، اول، چہارم، پنجم، سب مفتوح۔ اردو میں یوں تلفظ کرتے ہیں گویا اس لفظ کے آخر میں ہائے ہوز نہیں ہے اور حائے حطی کا تلفظ ہائے ہوز کی طرح (بروزن ’’پیالہ‘‘) کیا جاتا ہے۔ ضامن علی جلالؔ لکھتے ہیں کہ یہ لفظ عربی ’’مصالح‘‘ پر مبنی معلوم ہوتا ہے۔ ان کے تتبع میں ’’نور‘‘ اور دیگر کئی لغات نے یہی موقف اختیار کیا ہے۔ بظاہر اُن لوگوں کا خیال ہے کہ عربی لفظ ’’مصلحت‘‘ کی جمع ’’مصالح‘‘ کو اردو میں لے لیا گیا ہے اور معنیٰ بدل دیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر عبد الستار صدیقی کا بھی یہی خیال تھا۔ ان لوگوں کا خیال یہ بھی تھا کہ اردو میں ’’مسالا‘‘ لکھنا چاہئے۔ یہ بات کہیں صاف نہیں ہوئی کہ عربی ’’مصالح‘‘ جو بالکل مختلف لفظ ہے اور جس میں لام مکسور ہے، اردو کا ’’مصالح‘‘ مع لام مفتوح کیسے بن گیا اور اس کے معنیٰ اس قدر مختلف کیوں کر ہوئے؟ اور یہ بات بھی صاف نہیں ہوئی کہ اگر یہ لفظ عربی ’’مصالح‘‘ ہے اگرچہ اردو میں اس کے معنی بدلے ہوئے ہیں، تو پھر اسے ’’مسالا‘‘ کیوں لکھا جائے؟ جیسا کہ اوپر کی عبارت سے ظاہر ہے، اردو کے جدید علما نے اس معاملے میں بہت الجھن پیدا کردی ہے۔ جھگڑے کی بناء یہ ہے کہ اگر Spices کے معنی میں ’’مصالحہ‘‘ عربی میں نہیں ہے، تو پھر اردو میں کیونکر ہو؟ اسی لئے کئی لوگوں نے ’’مصالحہ‘‘ کی جگہ ’’مسالہ‘‘ تجویز کیا۔ لیکن اب جھگڑا یہ پڑا کہ ’’مسالہ‘‘ میں ’’ہائے مختفی‘‘ ہے اور ’’ہندی‘‘ میں ہائے مختفی ہے نہیں، لہٰذا اسے ’’مسالا‘‘ لکھنا چاہئے۔ ’’نور‘‘ میں تو’’مصالح/مصالحہ‘‘ درج ہی نہیں کیا گیا۔ صاحبِ ’’نور‘‘ نے لکھا ہے کہ دلی میں ’’مصالح‘‘ رائج ہے لیکن چونکہ تلفظ اور املا میں مطابقت نہیں لہٰذا تلفظ کی مطابقت کرتے ہوئے لکھنؤ والوں کی طرح ’’مسالا‘‘ لکھنا چاہئے۔ صاحب ’’نور‘‘ نے یہ بات نظرانداز کردی کہ تلفظ کی حد تک تو ’’ص/س‘‘ اور ’’ہ/الف‘‘ ایک ہی ہیں، پھر یہ کیوں کر طے ہو کہ صحیح املا ’’مسالا‘‘ ہے، ’’مصالا/مصالہ/مسالہ‘‘ نہیں؟ دوسری بات یہ بھی دھیان میں رکھنے کی ہے کہ ہائے مختفی کیا ہے اور کہاں ہے، اس کے بارے میں بھی ہمارے ماہرین کا ذہن صاف نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ’’مسالہ‘‘ جیسے لفظوں میں ہائے مختفی ہے ہی نہیں۔ تفصیل کے لئے اس کتاب میں اندراج ’’ہائے مختفی‘‘ ملاحظہ ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ پرانے زمانے میں ’’مصالح‘‘ ہی رائج تھا۔ ’’مصالحہ‘‘ بعد کی صورت ہے۔ اور ’’مسالا/مسالہ‘‘ تھا ہی نہیں۔ چنانچہ شیکسپیئر کے لغت میں نہ ’’مصالحہ‘‘ ہے اور نہ ’’مسالہ/ مسالا‘‘، صرف ’’مصالح‘‘ درج ہے۔ ٹامپسن نے بھی صرف ’’مصالح‘‘ لکھا ہے اور لام پر زیر دکھایا ہے۔ پلیٹس کے یہاں بنیادی اندراج ’’مصالح‘‘ ہے، لیکن اس نے ’’مسالا‘‘ اور ’’مصالا‘‘ بھی لکھے ہیں اور بتایا ہے کہ یہ ’’مصالح‘‘ کی تصحیف ہیں۔ بہرحال، بعد میں کسی بنا پر ’’مصالح‘‘ سے ’’مصالحہ‘‘ بن گیا اور یہی اردو کا روز مرہ ٹھہرا، لیکن ’’مصالحہ‘‘ کے معنی وہی رہے جو ’’مصالح‘‘ کے تھے۔ یہ خیال غلط ہے کہ اردو ’’مصالح/مصالحہ‘‘ کی اصل عربی لفظ ’’مصلحت‘‘ کی جمع ہے۔ اصل یہ ہے کہ یہ لفظ عربی ’’مصلح‘‘ (بمعنی ’’سدھارنے والا‘‘) کی جمع ہے۔ ’’مصالح‘‘ (مع اول مفتوح، چہارم مکسور) کے معنی ہیں: ’’چیز ہا کہ بداں ا صلاح چیزہا دہند، ضد مفاسدہ‘‘ (’’منتخب اللغات‘‘)۔ یعنی عربی میں ’’مَصالِح‘‘ وہ چیزیں ہیں جن سے دوسری چیزوں کو درست کیا جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ ہمارا مصالحہ یہی کام کرتا ہے کہ وہ کھانے کی چیزوں کو درست بناتا ہے۔ فارسی میں لفظ ’’مصالح‘‘ (میم مفتوح، لام مکسور) دو معنی میں موجود ہے: اول، وہ چیزیں جو عمارت بنانے میں استعمال ہوتی ہیں، اور دوم، وہ چیزیں جو کھانے کو لذیذ بناتی ہیں۔ انھیں ’’مصالح گرم‘‘ کہتے ہیں (’’بہارعجم‘‘، ’’فرہنگ آنند راج‘‘)۔ یہاں سے ہمارے روز مرہ ’’گرم مصالحہ‘‘ کی بھی اصل معلوم ہوئی، کہ مصالحہ وہ چیز ہے جس سے کھانا ’’گرم‘‘ یعنی لذیذ ہوجاتا ہے۔ جیسا کہ ہم اوپر لکھ چکے ہیں، شروع شروع میں اردو کا لفظ ’’مصالح‘‘ تھا، بعد میں ’’مصالحہ‘‘ ہوگیا۔ دہلی میں اکثر لوگ، اور دہلی کے باہر بھی بہت سے لوگ ’’مصالحہ‘‘ ہی لکھتے ہیں۔ لیکن ’’مسالا/ مسالہ‘‘ کے ذریعہ خلط مبحث پیدا ہونے کی وجہ سے اب ’’مسالا/مسالہ‘‘ بھی لکھا جانے لگا۔ ’’اردو لغت، تاریخی اصول پر‘‘ میں جو شواہد ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ متذکرہ بالا تمام معنی میں (اور کئی دوسرے معنی میں بھی) ’’مصالحہ‘‘ زیادہ مقبول املا تھا اور آج بھی اسے نامقبول نہیں کہہ سکتے۔ آج کل زیادہ تر لوگ Spices کے معنی میں ’’مصالحہ‘‘ اور ’’مصالحہ جات‘‘ لکھتے ہیں اور کپڑوں وغیرہ پر جو سونا، چاندی، گوٹا، بادلہ، ستارہ وغیرہ لگایا جاتا ہے، اس کے لئے ’’مسالہ/مسالا‘‘ لکھتے ہیں۔ عمارت بنانے میں جو چونا، گارا، سیمنٹ استعمال ہوتا ہے اسے بھی ’’مسالہ/مسالا‘‘ لکھتے ہیں۔ اسی طرح، محاورہ ’’مرچ مسالہ لگانا‘‘ ہے (بمعنیٰ کسی بات کو بڑھانا چڑھانا)۔ اسے عام طور پر برے معنی میں برتتے ہیں: انھوں نے میری باتیں خوب مرچ مسالہ لگا کر سب سے کہیں۔ کسی معاملے کے نکات وغیرہ، یعنیMatter کے معنی میں صرف ’’مسالہ‘‘ لکھتے ہیں، مثلاً: مجھے ان کے خلاف بہت کچھ مسالہ مل گیا ہے۔ مندرجہ بالا سب استعمالات اور محاورے آج بالکل درست ہیں۔ ملحوظ رہے کہ ’’مصالحہ‘‘ کے اور بھی بہت سے معنی ہیں، مثلاً کوئی بھی کیمیائی مرکب، پاؤڈر، دھنیا وغیرہ جو محرم میں بانٹتے ہیں۔ ان سب معنی میں ’’مصالحہ‘‘ لکھنا بہتر ہے لیکن ’’مسالہ‘‘ کو غلط نہ کہیں گے۔ ماخذ: لغات روز مرہ  مصنف: شمس الرحمن فاروقی۔

اس تمام بحث کا لُبِ لُباب یہی سمجھ میں آتا ہے کہ اصل لفظ مصالحہ ہی ہے جس کی بنیاد (عربی میں مفاہیم سے قطع نظر) مصالح ہے جبکہ لکھنؤ والوں نے جس طر ح پلاؤ کو بدل کر بریانی ایجاد کرلی، اسی طرح دیگر بے شمار ترامیم و اضافہ جات کی طرح، مصالحہ کو مسالہ۔یا۔مسالا کردیا۔ اب جو لکھنؤ کا مقلّد ہے، وہ مسالہ یا مسالا لکھتا رہے، مگر مصالحہ کو غلط قرار دینا غلط ہے۔ 

Load Next Story