پُرامن احتجاج ہمارا حق ہے یہ کسی کے باپ کا نہیں ہم سب کا پاکستان ہے، وزیراعلیٰ کے پی
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سادہ لباس افراد ہماری بیورو کریسی، پولیس، ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ڈرا اور دھمکا رہے ہیں، ہماری سنوائی نہیں ہورہی جس پر پُرامن احتجاج کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے یہ کسی کے باپ کا نہیں ہم سب کا پاکستان ہے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین چار دنوں سے سادہ کپڑوں میں ملبوس غنڈے ہمارے کارکنوں، تنظیمی عہدے داروں اور منتخب نمائندوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، مواصلات و تعمیرات کے وزیر شکیل خان پر قاتلانہ حملہ اور انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی مگر ناکام رہے، کل ہمارے وزیر آبپاشی ریاض خان کے گھر پر بھی سادہ کپڑوں میں ملبوس غنڈا گرد پہنچے، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع میں بھی ہمارے کارکنوں اور منتخب نمائندوں کے ساتھ یہی سلوک کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مردان میں ایم این اے فضل خان کو اغوا کیا گیا، فخر جہان کے گھر پر بھی نامعلوم افراد نے دھاوا بولا، ہمارے منتخب نمائندے اور وزراء نشانے پر ہیں، اگر صوبائی کابینہ کے وزراء بھی ان غنڈا گردوں سے محفوظ نہیں تو باقی پاکستان کا کیا حال ہوگا؟
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ لوگ عوامی طاقت سے ڈرے ہوئے ہیں، کوئی عقل رکھنے والا شخص اس طرح کے اقدامات نہیں کرتا، خیبر پختونخوا کے صوبائی کابینہ ارکان کے ساتھ ایسا سلوک ناقابل قبول ہے، کچھ دن پہلے رانا ثناء اللہ کی طرف سے خیبر پختونخوا والوں کو دہشت گرد قرار دینے کے بیانات سامنے آئے، مریم صفدر کا یہ کہنا کہ انہیں بھارت سے خطرہ نہیں بلکہ پاکستان کے باقی تین صوبوں سے خطرہ ہے، انتہائی تشویشناک بیان ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا کو باقی پاکستان سے کاٹ دیا جائے گا، تمام راستے خیبر پختونخوا کے لیے بند کر دیے جائیں گے، باقی پاکستان کھلا ہوگا لیکن صرف خیبر پختونخوا سے نہ کوئی جا پائے گا نہ آ پائے گا، خیبر پختونخوا کو باقی پاکستان سے کاٹنے اور تمام راستے بند کرنے کا کیا مطلب لیا جائے؟
انہوں نے کہا کہ کیا کوئی سازش ہو رہی ہے؟ کیا مشرقی پاکستان جیسا سانحہ ریپیٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؟ جو بھی سازش ہو رہی ہے اور اس کے پیچھے جو بھی لوگ ہیں انہیں واضح پیغام ہے، پاکستان ہمارا ہے، جو بھی پاکستان کو تقسیم کرنے یا خیبر پختونخوا کو پاکستان سے جدا کرنے کی سازش کرے گا اسے ہمارا واضح پیغام ہے، ہم پاکستانی تھے، ہم پاکستانی ہیں اور ان شاء اللہ پاکستانی رہیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس غنڈا گرد ہمارے بیوروکریسی، پولیس، ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ڈرا اور دھمکا رہے ہیں، بیوروکریسی، پولیس، ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو میرا پیغام ہے، آپ نے ڈرنا نہیں ہے، اگر صوبائی حکومت آپ سے کوئی غلط کام نہیں کروا رہی تو کسی ادارے یا محکمے کے غلط احکامات نہ مانیں، یہ کسی کے باپ کا پاکستان نہیں، یہ ہم سب کا پاکستان ہے، احتجاج کرنا ہر بندے کا آئینی اور قانونی حق ہے، کہیں بھی ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، ہمیں نہیں سنا جا رہا، ایسی صورت میں آئین ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے اور ہم یہ احتجاج ہر صورت کریں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ جب تک آئین میں پرامن احتجاج کا حق موجود ہے ہم پرامن احتجاج کرتے رہیں گے، خیبر پختونخوا اور پورے پاکستان کے عوام کو پیغام ہے، گھبرانا نہیں، ڈرنا نہیں، جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے وہ اتنا ہی بڑا ڈرپوک ہوتا ہے، اپنے حق اور حقیقی آزادی کے لیے کھڑا ہونا ہے، پرامن جدوجہد جاری رکھنی ہے، ان شاء اللہ بہت جلد ظلم کا دور ختم ہوگا۔