کراچی: ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص کا سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ کار سوار سے جھگڑا، ویڈیوز وائرل
شاہراہ بھٹو کے قریب بغیر نمبر پلیٹ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص کا سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ کار سوار شہری سے جھگڑے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ، بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی اور سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے اسلحہ کی آزادانہ نمائش کے واقعے نے متعلقہ حکام پر کئی سوال اٹھا دیے، متاثرہ شہری آن لائن ٹیکسی کا ڈرائیور ہے جس کے ہمراہ خاتون مسافر بھی سوار تھی۔
واقعہ بلوچ کالونی ایکسپریس وے سے شاہراہ بھٹو کی جانب جاتے ہوئے پیش آیا ، مسافر خاتون کے موبائل فون اور کار میں لگے ہوئے کیمرے نے جھگڑے کے واقعے کو محفوظ کرلیا جسے متاثرہ شہری نے پولیس کو فراہم کر دیا۔
درخواست گزار کے مطابق میں گاڑی سے نیچے اترا تو اس شخص کا سیکیورٹی گارڈ بھی موجود تھا جس نے مجھ سے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں جس پر میں نے اسے منع کیا تو انھوں نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، اس دوران 15 پر کال کی جس کے بعد اس شخص کے ہمراہ سکیورٹی گارڈ نے اپنے اسلحے سے میرے ہاتھ پر مارا جس سے ہاتھ زخمی ہوگیا۔
درخواست گزار کے مطابق میرے پاس واقعے سے متعلق ویڈیوز موجود ہیں جبکہ اس حوالے سے کورنگی صنعتی ایریا پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کی جانب سے دی گئی درخواست اور واقعے کی ویڈیوز پولیس کو مل گئی ہیں جس پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
جھگڑے کے دوران آن لائن ٹیکسی میں سوار مسافر خاتون کی جانب سے بھی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو اور متاثرہ شہری کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے۔