کراچی، بفرزون میں پولیس مقابلہ، 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

ملزمان کی شناخت 25 سالہ زوہیر اور 26 سالہ نبیل کے نام سے کی گئی

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد میں تیموریہ پولیس نے بفرزون پی این ایس سی فلیٹس کے قریب مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ملزمان کے قبضے سے ملنے والی بغیر نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل گزشتہ سال شارع فیصل کے علاقے سے چھینی گئی۔

ایس ایچ او تیموریہ ثاقب خان نے بتایا کہ گشت پر مامور موٹر سائیکل سوار پولیس کے جوانوں نے بفرزون سیکٹر پندرہ اے تھری میں مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انھوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

ملزمان موقع سے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے ان کا تعاقب کیا اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جنکی شناخت 25 سالہ زوہیر اور 26 سالہ نبیل کے نام سے کی گئی۔

جبکہ پولیس نے ملزمان کے قضے سے 2 پستول ، 3 میگزین ، 3 موبائل فونز اور بغیر نمبر پلیٹ کی 125 موٹر سائیکل برآمد کرلی جس کے انجن اور چیسز نمبر سے معلومات کرائی گئی تو وہ موٹر سائیکل شارع فیصل تھانے کی حدود سے 12 اگست 2025 کو چھینی گئی تھی۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا جبکہ گرفتار ملزمان نارتھ ناظم آباد بلاک جے اور بلاک ایس کے رہائشی ہیں اور ان کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔

اور ان کے خلاف شارع نور جہاں ، پاپوشنگر اور حیدری مارکیٹ سمیت دیگر تھانوں میں درج مقدمات سامنے آئے ہیں تاہم پولیس گرفتار ملزمان کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Load Next Story