کراچی، سہراب گوٹھ میں قائم نجی کلینک میں دوران علاج نوعمر لڑکا جاں بحق، ورثاء کا احتجاج

غلط انجیکشن کی وجہ سے بچے کی موت واقع ہوئی ہے ۔ ورثا کا الزام

کراچی:

شہر قائد میں سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ میں قائم نجی کلینک میں نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی جہاں اس کی شناخت 10 سالہ عبدالاحد کے نام سے کی گئی۔

اس حوالے سے سہراب گوٹھ تھانے کے ڈیوٹی افسر حسین نے بتایا کہ واقعہ بدھ کی دوپہر ایک بجے کے قریب پیش آیا۔

متوفی کی گزشتہ چند روز سے  طبیعت خراب تھی جسے ایوب گوٹھ کے نجی کلینک میں علاج کی غرض سے لایا گیا تھا جہاں وہ چل بسا۔

جبکہ متوفی کے ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بچے کو مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگایا گیا ہے جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔

متوفی کے ورثا اور علاقہ مکینوں کی جانب سے اسپتال کے باہر احتجاج اور واقعے کی غیر جانیدار تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

سہراب گوٹھ پولیس کا کہنا ہے کہ نجی اسپتال سے عملے کے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

Load Next Story