سی ڈی اے کا اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ
سی ڈی اے نے اسلام آباد کے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کو اسلام آباد کی سیر کے لیے جدید اور ماحول دوست الیکٹرک بسوں کی سہولت فراہم ہوگی۔
سی ڈی اے کے مطابق شہری اور سیاح ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے اسلام آباد کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں اسلام آباد کے 15 سے زائد اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات سے منسلک ہوں گی۔
روٹ میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک شامل ہوں گے۔ ڈبل ڈیکر بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو دارالحکومت کی خوبصورتی دیکھنے کا نیا اور منفرد موقع فراہم کرے گی۔
سی ڈی اے کے مطابق الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں میں 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔ شہریوں اور سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اہم ترجیح ہے، جبکہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس اسلام آباد کی سیر کو ایک نیا اور منفرد انداز دے گی۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق مقصد اسلام آباد کو مزید پرکشش اور سیاح دوست دارالحکومت کے طور پر فروغ دینا ہے۔ شہریوں نے اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔