نیشنز لیگ: متنازع انداز میں جشن منانے پر اسرائیلی کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا

ریفری نے انہیں پہلے یلو کارڈ کے صرف چار منٹ بعد دوسرا یلو کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا

اسرائیل کے فٹبالر سعید ابو فرحچی کو آسٹریا کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ میں گول کرکے متنازع انداز میں جشن منانے پر ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں ابو فرحچی نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کیا۔ اس کے بعد وہ بھاگتے ہوئے کارنر کی جانب گئے،کارنر فلیگ نکالا اور گھٹنے کے بل بیٹھ کر فلیگ کو ہاتھ پر رکھ کر ایسا اشارہ کیا جیسے فائرنگ کر رہے ہوں۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ کسی کھیل کے انداز کی نقل کر رہے تھے یا ہتھیار چلانے کا اشارہ دے رہے تھے۔

ریفری نے انہیں پہلے یلو کارڈ کے صرف چار منٹ بعد دوسرا یلو کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔

آسٹریا نے اضافی کھلاڑی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میچ 1-3 سے جیت لیا۔

رومانو شمٹ نے پنالٹی پر ابتدائی گول کیا جبکہ فلپ موینے اور ساشا کالادزیچ نے آخری لمحات میں گول کرکے آسٹریا کی فتح یقینی بنائی۔

Load Next Story