کوئٹہ؛ سونے کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی، کارروائی میں 6 کلو سے زائد سونا برآمد
(فوٹو: اے آئی)
کوئٹہ میں کسٹمز انفورسمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے 6.162 کلوگرام سونا برآمد کرلیا اور اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے بلوچستان کے سرحدی علاقوں کے ذریعے سونے کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6.162 کلوگرام سونے کے بسکٹ ضبط کر لیے ہیں، جن کی ابتدائی مالیت تقریباً 25 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ یہ کارروائی 21 ستمبر 2026 کو فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ شیلا باغ کے عملے نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے فعال تعاون اور معاونت سے انجام دی اور خفیہ اطلاع کی بنیاد پر اور علاقے میں مؤثر نگرانی کے دوران کسٹمز انفورسمنٹ اہلکاروں نے اسمگلنگ کی کوشش کو بروقت ناکام بناتے ہوئے سونے کے بسکٹ برآمد کر لیے۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی بلوچستان کے اہم شاہراہوں، فیلڈ انفورسمنٹ یونٹس، داخلی و خارجی راستوں اور اسمگلنگ کے حساس راستوں پر جاری انٹیلی جنس بیسڈ اور مؤثر انسداد اسمگلنگ مہم کا حصہ ہے اور ایف ای یو شیلا باغ میں مؤثر نگرانی اور پاکستان کسٹمز اور فرنٹیئر کور کے درمیان قریبی رابطہ کاری کے باعث اسمگل شدہ سونے کی بروقت نشان دہی اور ضبط کرنا ممکن ہوا۔
مزید بتایا گیا کہ ضبط شدہ سونا مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت اسٹیٹ ویئر ہاؤس کوئٹہ میں جمع کرا دیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی جانب سے سرحد پار اسمگلنگ کی روک تھام، قانونی تجارت کے تحفظ اور سرکاری محصولات کے تحفظ کے لیے اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مروجہ قانونی ضابطے کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔