’لگان‘ کے 25 سال مکمل، عامر خان کو سنگاپور فلم فیسٹیول میں اعزاز دیا جائے گا

عامر خان 37ویں سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں فلم کے خصوصی 25ویں سالگرہ شو میں بھی شریک ہوں گے

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کو سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’اسکرین آئیکون ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز انہیں فلم ’لگان: ونس اپون اے ٹائم اِن انڈیا‘ کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر دیا جارہا ہے۔

عامر خان 37ویں سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں فلم کے خصوصی 25ویں سالگرہ شو میں بھی شریک ہوں گے، جہاں وہ فلم کے ہدایت کار آشوتوش گوواریکر کے ساتھ نظر آئیں گے۔ اداکار فیسٹیول کے پروگرام ’’اِن کنورسیشن وتھ‘ میں بھی گفتگو کریں گے۔

فیسٹیول 21 اکتوبر سے یکم نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ اس مرتبہ اس کا انعقاد معمول سے تقریباً ایک ماہ پہلے کیا جارہا ہے۔ اسکرین آئیکون ایوارڈ ایشیائی اداکاروں کو سنیما میں نمایاں تخلیقی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

15 جون 2001 کو ریلیز ہونے والی ’لگان‘ نے اس دور کی مرکزی ہندی فلموں کے کئی روایتی انداز بدل دیے تھے۔ فلم کی کہانی 1893 میں برطانوی نوآبادیاتی دور کے پس منظر میں پیش کی گئی، جہاں وسطی بھارت کے ایک گاؤں کے لوگ خشک سالی اور بھاری ٹیکسوں سے پریشان ہیں۔

کہانی اس وقت نیا رخ اختیار کرتی ہے جب ایک برطانوی افسر دیہاتیوں کے سامنے شرط رکھتا ہے کہ اگر وہ اس کی ٹیم کو کرکٹ میں شکست دے دیں تو ان کا ٹیکس معاف کردیا جائے گا۔ طویل دورانیے، تاریخی پس منظر اور ایسے کھیل کو کہانی کا مرکزی حصہ بنانے کے باوجود جسے برصغیر سے باہر ڈرامائی کھیل کے طور پر زیادہ نہیں دیکھا جاتا تھا، فلم نے تجارتی اور تنقیدی دونوں سطحوں پر کامیابی حاصل کی۔

فلم میں عامر خان کے مقابل گریسی سنگھ نے اداکاری کی، جبکہ ریچل شیلی، پال بلیک تھورن، سُہاسنی مولے، کلبھوشن کھربندا، رگھوبیر یادو اور اے کے ہنگل سمیت بڑی کاسٹ نے اہم کردار ادا کیے۔ اے آر رحمان کی موسیقی نے بھی فلم کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا اور فلم کے مشہور گانے آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔

’لگان‘ کو 2002 میں 74ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کے لیے نامزد کیا گیا تھا، تاہم یہ اعزاز بوسنیائی فلم ’نو مینز لینڈ‘ نے حاصل کیا۔ فلم آج بھی ان چند بھارتی فلموں میں شمار ہوتی ہے جو آسکر کے اس مرحلے تک پہنچی تھیں۔

’لگان‘ کی 25ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ سنگاپور سے پہلے بھی جاری رہا ہے۔ عامر خان نے جولائی میں ’انڈین فلم فیسٹیول لندن‘ کے دوران فلم کی خصوصی اسکریننگ میں شرکت کی، جہاں ان کی دوبارہ ریچل شیلی سے ملاقات ہوئی۔ اگست میں فلم نے ’انڈین فلم فیسٹیول میلبورن‘ کا افتتاح بھی کیا۔

لندن میں فلم کی اسکریننگ کے موقع پر عامر خان نے کہا تھا کہ لگان کے 25 سال مکمل ہونے پر اس سفر کی اہمیت کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ ان کے مطابق فلم بنانے والی ٹیم نے یقین، جذبے اور ایمانداری کے ساتھ کام کیا تھا اور اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ فلم کو برسوں تک اتنی محبت ملتی رہے گی۔

Load Next Story