کراچی؛ پولیس سے فائرنگ تبادلے میں مبینہ ڈاکو ہلاک، دو زخمی حالت میں گرفتار
فوٹو: فائل
کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری پولیس نے مبینہ ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو ہلاک کردیا اور دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری فرخ ہاشمی نے بتایا کہ نارتھ کراچی سیکٹر 2 الحمید اسکول کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکو شہری سفیر سے لوٹ مار کی واردات کر رہے تھے کہ اس دوران علاقہ گشت پر مامور پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی۔
ان کا کہنا تھا ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مارے جانے والے ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی، اس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول، موبائل فون ، دو پرس اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس نے ہلاک ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی اور پولیس تلاش ایپ کی مدد سے اس کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ خواجہ اجمیر نگری پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 3 میں مبینہ مقابلے کے دوران 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جن کی شناخت 27 سالہ کاشان اور 25 سالہ عامر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول 30 بور، 3 موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، دونوں ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا اور ان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔