چھانگا مانگا: اسکول جانے والی 15 سالہ طالبہ اسلحہ کے زور پر اغوا، زیادتی کی کوشش
فائل فوٹو
چھانگا مانگا کے علاقے تھانہ کنگن پور کی حدود میں اسکول جانے والی 15 سالہ طالبہ کائنات ارشد کو مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر رکشے سے اتار کر اغوا کرلیا گیا۔
مقدمے کے مطابق مسلح ملزم طالبہ کو ایک خالی مکان میں لے گیا، جہاں مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی گئی۔ طالبہ کی مزاحمت پر رکشہ ڈرائیور سلیمان کو بھی اسلحے کے زور پر دھمکیاں دینے اور تشدد کرنے کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق 15 کی کال پر کارروائی کرتے ہوئے طالبہ کو بازیاب کرا لیا گیا، تاہم ملزم حسنین پولیس کو دیکھ کر فرار ہوگیا۔ طالبہ کے والد ارشد جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
شہریوں نے ملزم کی فوری گرفتاری اور کیس سی سی ڈی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔