جھنگ ڈیزرٹ ریلی؛ مقامی ثقافت، روایات اور تاریخی ورثہ دنیا تک پہنچانے کا اعلان
جھنگ میں پنجاب کی سیاحت کے فروغ اور مقامی ثقافت و روایات کے تحفظ کو اجاگر کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جھنگ ڈیزرٹ ریلی و ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے ریلی کے آغاز کے مقام پر پریس کانفرنس میں ایونٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سابق ارکان صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ، سلطان سکندر بھروانہ، راشدہ یعقوب شیخ، خالد غنی، صاحبزادہ مولانا محمد آصف معاویہ، امیر عباس سیال، مکرم وحید شیخ سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے بتایا کہ ڈیزرٹ ریلی کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں خواتین کی ریس بھی شامل ہوگی۔ ریلی کا مقصد صرف ریس کا انعقاد نہیں بلکہ جھنگ کی شناخت، صحرائی خوبصورتی، ثقافت، روایات، تاریخی و سیاحتی مقامات اور قدرتی حسن کو ملکی و بین الاقوامی سیاحوں کے سامنے متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع جھنگ اپنے وسیع صحرائی علاقوں، 6 ہزار مربع کلومیٹر پر پھیلے تھل، دریائے چناب اور دریائے جہلم کے سنگم، تاریخی ورثے، لوک روایات، قدیم تہذیبی رنگ اور منفرد ثقافت کے باعث ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ان پہلوؤں کو بڑے پلیٹ فارم کے ذریعے ملکی سطح پر اجاگر کرنا چاہتی ہے۔
فیسٹیول میں ڈیزرٹ ریلی کے ساتھ تھل کی ثقافت، گھڑ سواری، گھوڑا ڈانس، روایتی کھیل، لوک موسیقی، کبڈی، والی بال، میوزیکل نائٹ اور دیگر ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے جھنگ کی مقامی ثقافت، روایتی کھیلوں اور فنون کو نمایاں کیا جائے گا۔
ڈیزرٹ ریلی کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کو جھنگ کے صحرائی حسن، تاریخی ورثے، ثقافتی روایات اور مقامی مہمان نوازی سے روشناس کرایا جائے گا۔ ریلی میں شریک مہمانوں اور سیاحوں کیلئے تھل میں باقاعدہ کیمپس بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ وہ ایونٹ کے دوران قیام کرسکیں۔