جعلی سرٹیفکیٹس پر نرسز کو سعودی عرب بھجوانے کا اسکینڈل، ملزمان کو 41 سال قید، 92 لاکھ جرمانہ
فوٹو فائل
اسپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے نے جعلی سرٹیفکیٹس پر 92 نرسز کو سعودی عرب بھجوانے کے کیس میں دو ملزمان کو مجموعی طور پر 41 سال قید اور 92 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
راولپنڈی میں اسپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے عبدالرحمان نے 92 نرسز کو جعلی سرٹیفیکیٹس پر سعودی عرب بھجوانے کے اسکینڈل کے حوالے دائر کیس کی سماعت کی اور ملزمان کو سزا سنائی۔
عدالت نے دو ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 41 سال قید اور 92 لاکھ روپے جرمانہ سزا دی، ملزمان ذوالفقار عرف میاں اور غلام فرید کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔
مقدمے میں کہا گیا تھا کہ ملزمان نے 92 عام خواتین کو نرسیں ظاہر کر کے سعودی عرب بھیجا تھا جبکہ سعودی حکومت نے مذکورہ نرسز کے جعلی ہونے پر سب کو ڈی پورٹ کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے2024 میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا تھا۔