ڈیرہ بگٹی؛ چیئرمین ضلع کونسل کے گھر پر حملہ، امن فورس کی جوابی فائرنگ سے 13 دہشتگرد ہلاک

بگٹی امن فورس کے رضاکاروں نے دہشت گردوں کا تعاقب کیا تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک رضاکار جاں بحق ہوا، ذرائع

فوٹو: فائل

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیہہ لوٹی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے دست راست چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جب کہ امن فورس کی جوابی فائرنگ کے دوران 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور بگٹی امن فورس کا ایک رضا کار جاں بحق ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شب شروع ہونے والا فائرنگ کا شدید تبادلہ علی الصبح تک جاری رہا اور غلام نبی شمبھانی کے بھائی وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی زیر نگرانی بگٹی امن فورس کے جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کا فوری جواب دیتے ہوئے ان کا مقابلہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ طویل فائرنگ کے بعد دہشت گردوں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم بگٹی امن فورس کے جوانوں نے ان کا تعاقب کیا اور ذرائع کے مطابق تعاقب کے دوران 13 دہشت گرد مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے بگٹی امن فورس کا ایک رضا کار جاں بحق اور تین جوان زخمی ہوئے، جنہیں علاج معالجے کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا۔

ذرائع نے کہا کہ بگٹی امن فورس کے جوانوں کے فوری اور بھرپور ردعمل کے باعث دہشت گردوں کا مبینہ بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے اور علاقے میں مزید سرچ اور تلاشی کا عمل جاری ہے۔

Load Next Story