لکی مروت؛ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کرکٹ میچ کے بعد واپس جانے والے 3 نوجوان جاں بحق
فوٹو: فائل
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں عبدالخیل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے لوڈر رکشہ پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کرکٹ میچ کے بعد واپس جانے والے تین مقامی نوجوان جاں بحق اور دیگر تین زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نوجوان شاہ حسن خیل میں کرکٹ میچ کھیلنے کے بعد لوڈر رکشے کے ذریعے اپنے گاؤں عبدالخیل واپس جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے رکشے کو ہدف بنا کر فائرنگ کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان عمیر، صدیق اور علیان جاں بحق جب کہ آصف اللہ، امداد اللہ اور اعجاز زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں میں اکثریت کرکٹ کھلاڑیوں اور امن کمیٹی ممبران کی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد مقامی نوجوانوں کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور کے مارے جانے کی اطلاع ہے تاہم ہلاک حملہ آور کی شناخت سے متعلق حتمی تصدیق نہیں ہوسکی۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن اور مزید تفتیش شروع کردی ہے۔